امن میرا تھن ریس گھوٹکی کا میلہ سعید احمد چاچڑنے لوٹ لیا‘ افتتاح سردار محمد بخش مہر نے کیا

پیر 16 جنوری 2017 21:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2017ء) محکمہ کھیل سندھ کی جانب سے ہونے والی امن میراتھن ریس گھوٹکی سعید احمد چاچڑ نی12 کلو میٹر کا فاصلہ44منٹ میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کر لی، ریس کا افتتاح صوبائی وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے صوبائی سیکریٹری اسپورٹس محمد سلیم رضا کے ہمراہ کیا ریس کا ٹریک12 کلو میٹر طویل بنایا گیاتھا جو عادل پور سے شروع ہوکر ڈگری کالج گرائونڈ پر اختتام پذیر ہوا۔

صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر‘ ڈپٹی کمشنر گھوکی سید اعجاز شاہ اور ایس ایس پی گھوٹکی مسعود بنگش سمیت500 سے زائد ایتھلیٹ نے ریس میں شرکت کی۔ محکمہ کھیل کی جانب سے میراتھن ریس کے تمام شرکاء میں امن ٹی شرٹس بھی تقسیم کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق میراتھن ریس عادل پور سے شروع ہوئی جو12کلو میٹر کا فاصلہ طے کرتی ہوئی ڈگری کالج گرائونڈ گھوٹکی پر اختتام پذیر ہوئی۔

(جاری ہے)

سعید احمد چاچڑ نی12کلو میٹر کا فاصلہ44ویں منٹ میں طے کرکے ایک لاکھ روپے اور موٹر سائیکل کا بمپر پرائز حاصل کیا۔ دوسری پوزیشن یاسین میرانی‘ تیسری پوزیشن قربان علی‘ چوتھی پوزیشن محمد حنیف انصاری نے جبکہ پانچویں پوزیشن رانا سلیم اللہ نے حاصل کرکے بالترتیب80 ہزار‘50ہزار‘40ہزار اور30 ہزار کا نقد انعام حاصل کیا۔ ریس کے اختتام پر صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے موقع پر موجود گھوٹکی کے شہریوں اور ایتھلیٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے چھوٹے چھوٹے شہروں اور دیہاتوں میں کھیلوں کو فروغ دینا ہماری اولین ترجیح ہے‘ آج ہم نے گھوٹکی میں پہلی مرتبہ میراتھن ریس کا انعقاد کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ وقتاً فوقتاً ہم اس طرح کے ایونٹ مختلف شہروں میں تواتر کے ساتھ کرتے رہیں گے۔

سیکریٹری اسپورٹس محمد سلیم رضا کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا اور تمام تر سہولتیں بہم پہنچانا ہمارے فرائض میں شامل ہے صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے سیکریٹری اسپورٹس محمد سلیم رضا‘ ڈی سی گھوٹکی سید اعجاز شاہ اور ایس ایس پی گھوٹکی مسعود بنگش کے ہمراہ فاتح کھلاڑیوں میں میرٹ سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات تقسیم کئے بعد ازاں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جسے گھوٹکی کے شہریوں نے نہ صرف سراہا، بلکہ اس سے لطف اندوز بھی ہوئے۔

متعلقہ عنوان :