ملازمین کے تحفظات دور کرنے سمیت تمام جائز مسائل حل کریں گے ‘شیخ انصر عزیز

پیر 16 جنوری 2017 21:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2017ء)سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،صدر اورنگزیب خان ،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی ،سپریم ہیڈ صوفی محمود علی و دیگروفدنے میئرو چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز سے کانفرنس روم میں ملاقات کی اور ملازمین کو درپیش مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا ،اس موقع پرڈائریکٹر جنرل ایڈمنسٹریشن آصف شاہجہان اور ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشن ملک سلیم اختر و دیگر افسران بھی موجود تھے ،اس موقع پر چوہدری محمد یٰسین نے سی ڈی اے میں کام کرنے والے مسٹررول ملازمین کو 89 Daysمیںکنورٹ ، دوسال مدت ملازمت پوری کرنے والے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل ، نکالے جانے والے مسٹررول ملازمین کی بحالی اور تنخواہوںکی ادائیگی ،حج و عمرے پر جانے والے ملازمین کی چھٹی کے لیے قوانین میں نرمی برتنے، سی ڈی اے میں کام کرنے والے باقی ماندہ زائد العمر ملازمین کو فوری مستقل کرنے ،سی ڈی اے کے ہفتہ وار بازاروں کو ضلعی انتظامیہ سے واپس لے کر سی ڈی اے کو واپس کرنے، سی ڈی اے میں کام کرنے والے ملازمین کی پروموشن کو بلا امتیاز اور قانون کے مطابق کیے جانے اور پانچ سال مکمل کرنے والے ملازمین کی اگلے سکیل میں ترقی اور ڈیلی ویجز سروس کو شمارکرنے ،پرائم منسٹر پیکج کے تحت بیوائوں کو وفاقی حکومت کے حکم کے مطابق رقم کی ادائیگی اور فوتگی کے چارجز ڈائریکٹوریٹ کی سطح پر ادا کیے جانے اور ملازمین کے اوور ٹائم اور ڈائیٹ سیشن کی ادائیگی ،سروس ریگولیشن 1992میں ضروری ترامیم اور سی ڈی اے میں کام کرنے والے ملازمین خصوصاً ایم پی اواور سیکرٹریٹ جن کی لائن آف پروموشن نہیں ہے انکو ترقی دینے کے لیے قوانین بنانے اور سینی ٹیشن سٹاف کے لیے سائیڈوں پر شیڈز کا قیام اور صفائی کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے ملازمین کی بھرتی ،ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ اور وزارت داخلہ کی جانب سے کیے جانے والے نوٹیفکیشن کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا ،مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم اس شہر کی ترقی اور ادارے کی بہتری اور نیک نامی کے لیے بہتر منصوبہ بندی کرکے اس شہر کی عوام کی خدمت کر سکتے ہیں اوراس کے لیے انتظامیہ اور ملازمین کا آپس میں باہمی تعاون بے حد ضروری ہے ،میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ملازمین کے تحفظات کو دور کرنے سمیت تمام جائز مطالبات کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور ہفتہ وار بازاروں کے نوٹیفکیشن کو واپس لے کر سی ڈی اے کے ماتحت کرنے کی ہدایت کی ہے اور وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے حوالے سے ملازمین کے جو تحفظات اور خدشات پائے جاتے ہیں اس بارے میں قانون کے مطابق ضروری اقدامات کریں گے ،شیخ انصر عزیز نے کہا کہ ادارے کی ترقی سے ہم سب کی عزت وابستہ ہے اور ادارے کی ساکھ بحال کرنے کے لیے ہم سب کو ملکرانتھک محنت کی ضرورت ہے کیونکہ ادارے کی ساکھ اور نیک نامی ہم سب کی مشترکہ عزت ہے ۔