خادم اعلیٰ کا پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ دراصل تعلیمی انقلاب کی بنیاد ہے،رکن پنجاب اسمبلی لبٰنی ریحان پیرزادہ

پیر 16 جنوری 2017 21:28

راوالپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے لبنٰی ریحان پیرزادہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خادم اعلٰی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کا ہونہار اور مستحق طلبہ کیلئے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مالیت کا فنڈ ہے اس فنڈ کے قیام کا مقصد دراصل تعلیمی انقلاب کی بنیا د ہے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ خادم اعٰلی پنجاب کا ایک ایسا منفرد پروگرام ہے جو صرف پنجاب تک محدود نہیں بلکہ پاکستان کے باقی صوبوں ، فیڈرل ایریا اور آزاد کشمیر کے بھی ہونہاراور مستحق طلبہ کو اعٰلی تعلیم کے حصول کیلئے سکالرشپ فراہم کرتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس فنڈ کے تحت سال 2016 تک 7.5 ارب کے ڈیڑھ لاکھ سکالرشپ کا اجراء ہوچکا ہے اور رواں مالی سال میں سکالرشپ کی تعداد دو لاکھ سے بڑھ جائے گی جسکی کل مالیت 17ارب روپے تک ہوگی۔

(جاری ہے)

اس فنڈ کے تحت جنوبی پنجاب سمیت دیگر پسماندہ اضلاع کے ساڑھے 27 ہزار طالبات کو انٹرلیول پر سکالرشپ دیئے جارہے ہیں۔ اس فنڈ میں 80% سکالرشپ میرٹ پر اور 20% خصوصی کوٹہ کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ اور پنجاب کے ہر اضلاع اور تحصیل میں بچوں اور بچیوں کیلئے برابری کی سطع پر سکالر شپ فراہم کئے جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بہترین کردار ادا کریں گے۔