پیپلزپارٹی کو "نثار فوبیا"ہوگیا ہے،چودھری نثار کیخلاف پیپلزپارٹی کی بے سروپاباتیں برداشت نہیں کی جائیں گی ،چاند بی بی

عمران خان وفاقی حکومت کی ٹانگیں کھینچنے کے بجائے خیبرپختونخوا میں کارکردگی دکھائیں،مسلم لیگی رہنما

پیر 16 جنوری 2017 21:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد سے نومنتخب چیئرپرسن یوسی35 اور ویمن اسلام آ باد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی ممبر چاند بی بی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کی اعلیٰ کارکردگی پر تنقید کرنے والے اپنے دور کی کارکردگی کا موازنہ کریں انہیں شرمندگی کے سوا کچھ نہیں ملے گا،چودھری نثار علی ٰخان کی بحثیت وفاقی وزیر داخلہ پر نہ صرف حکومت بلکہ پوری قوم فخرکرتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ چوہدری نثارعلی خان نے پوری سیاسی زندگی ایک پارٹی سے وابستگی میں گزاری ان کا طرہ امتیاز ہی یہ ہے کہ وہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کے وفادار ہیںکوئی ان کی وفاداری پر انگلی نہیں اٹھا سکتا،چوہدری نثارعلی خان مسلم لیگ(ن) کا قیمتی سرمایہ ہیں ان کا طویل سیاسی کیریئربے داغ اورپاک ہے ،چودھری نثار علی خان جیسے نڈر اور بے باک لیڈر کے خلاف اپوزیشن کو ایسی باتیں کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئیے، پیپلزپارٹی کی قیادت جان لے اگر ہمارے لیڈر کے خلاف کوئی بات کہی گئی تو ہم جواب دینا جانتے ہیں۔

(جاری ہے)

جاری اپنے بیان میں چاند بی بی نے مزیدکہاکہ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کو"نثار فوبیا" ہوگیا ہے اور اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کیلئے وفاقی وزیر چودھری نثار علی خان کوٹارگٹ بنا لیاہے،پیپلزپارٹی کی قیادت کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ چودھری نثار علی خان کچھ بھی ہوجائے پیپلزپارٹی کی کرپشن پرکمپرومائز نہیں کریں گے اورچودھری نثار علی ٰخان کیخلاف پیپلزپارٹی کی بے سروپاباتیں برداشت نہیں کی جائیں گی۔

مسلم لیگی رہنما چاند بی بی نے مزیدکہاکہ چودھری نثار علی خان ایک خوددار محب وطن اور فرض شناس وزیرداخلہ کا کردار اداکررہے ہیں، ان کی ملک کیلئے کی جانے والی خدمات کو عوام کبھی فراموش نہیں کرے گی، پیپلزپارٹی اور ان کے حواریوں کاسیاسی باب بندہوچکا ہے،مخالفین اُن پر الزام تراشیوں کے بجائے پاکستان کی عوام کو سکھ کا سانس لینے دیں، چودھری نثار علی خان پر تنقید کرنے والوں کی پوری پارٹی کرپشن کے سمندر میں غرق ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پانامہ سیکنڈل درست ہے توثبوت کیوں نہیں لاتے،ردی کے ٹکڑے لانے کے بجائے ثبوت لائیں، عمر ان خان کی منفی سوچوں کی وجہ سے پاکستان کے عوام شدید معاشی بحران سے دوچار ہو رہے ہیں جبکہ وہ اپنی سیاسی زندگی کو دوائم بخشنے کیلئے منفی ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں،عمران خان وفاقی حکومت کی ٹانگیں کھینچنے کے بجائے خیبرپختونخوا میں کارکردگی دکھائیں اور کارکردگی کی بنیاد پر2018ء کے الیکشن کی تیاری کریں۔

متعلقہ عنوان :