مفاد پرست حکمرانوں اور کرپٹ افسرشاہی نے کراچی کے بلدیاتی اداروں کو تباہ کر دیا ، فردو شمیم نقوی

پانی کی نکاسی اوراسپرے مہم نہ ہونے کی وجہ سے مضر بیماریوں نے شہر میں سر اٹھا لیا ہے، صدر پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن

پیر 16 جنوری 2017 21:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2017ء) پاکستا ن تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردو شمیم نقوی نے کہا ہے کہ مفاد پرست حکمرانوں اور کرپٹ افسرشاہی نے کراچی کے بلدیاتی اداروں کو تباہ کر دیا ہے۔ ایک دن کی بارش نے کراچی شہر کو ڈبو دیا ہے ۔بلدیاتی اداروں میں کرپشن کا بازار گرم ہے۔ اقرباء پروری اور کرپشن کے ناسور نے ان اداروں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔

پانی کی نکاسی اوراسپرے مہم نہ ہونے کی وجہ سے مضر بیماریوں نے شہر کراچی میں سر اٹھا لیا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر صحافیوں اور علاقہ معززین سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ شہر کے اکثریتی علاقے بارش کی وجہ سے جوہڑ میں تبدیل ہو گئے ہیں۔ شہر کے اکثر علاقوں میں پینے کے پانی کی لائنوں میں رساوا اور لائن لیکیج معمول بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

پینے کے پانی لائنوں میں سیویج کا پانی شامل ہو کر جس سے پیپا ٹایٹس Cاور بچوں کے پیٹ کی دیگر بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔ سندھ حکومت اور واٹر بورڈ افسران نے بھی آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے بیوروکریسی بھی کرپشن میں لگی ہوئی ہے۔ عوام کے مسائل حل کرنے میں کسی کو بھی دلچسپی نہیں۔ کراچی کے شہری بے یار و مدگار مسائل کی دلدل میں دھنستے چلے جا رہے ہیں۔ حکمران اور افسر شاہی اس دن سے ڈریں جس دن عوام کے ہاتھ ان کے گریبانوں میں ہو ں اور اس لئے تحریک انصاف سیاسی جدوجہد کر رہی ہے کہ عوام جاگ جائے اور اپنے حقوق کے لئے کھڑی ہو جائے۔