موجودہ حکومت کی اصلاحات سے سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے،مشتاق احمد غنی

پیر 16 جنوری 2017 21:24

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ محکمہ اطلاعات کو جدید تقاضوں اور رجحانات سے ہم آہنگ کرنے کی اشد ضرورت ہے اور اس سلسلے میں موجود ہ حکومت محکمہ اطلاعات کو درپیش تمام مسائل کو ہنگامی بنیادوںپر حل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اطلاعات کے افسران کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات طاہر حسن نے واضح کیا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا اور پورے ملک میں صوبے کا درست تشخص اجاگر کیا جائے۔مشتاق احمد غنی نے واضح کیا کہ محکمہ کے تمام سٹاف کو ان کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے ٹریننگ دی جائے تاکہ وہ موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ اطلاعات میں ایک ریسرچ ونگ بنانے کی بھی ہدایت کی اور واضح کیا کہ اس سے محکمہ کی کارکردگی میں خاطر خواہ بہتری ممکن ہو سکے گی۔اس موقع پر مشیر اطلاعات نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت اداروں کو مضبوط بنانے پر یقین رکھتی ہے اور گزشتہ تین سالوں میں کئی اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن سے اداروں میں شفافیت اور ان کی کارکردگی میں خاطر خواہ بہتری ممکن ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی کرپشن کی وجہ سے صوبے کے تمام ادارے تباہ حال ہو چکے تھے تاہم موجودہ حکومت کی اصلاحات سے سرکاری اداروں پر عوام کا یقین دوبارہ بحال ہوا ہے۔