عوام کے حقوق کے لئے ہر قسم کی قربانی دیتے رہیں گے،سکندرشیرپائو

پیر 16 جنوری 2017 21:24

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیر پائو نے کہا ہے کہ پختونوں کے حقوق کے لئے جو جدوجہدحیات محمد خان شیر پائو شہید نے شروع کی تھی ہماری پارٹی انہی مقاصد کے حصول کے لئے دن رات محنت کر رہی ہے اور عوام کے حقوق کے لئے ہر قسم کی قربانی دیتے رہیں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور کے نواحی علاقے دائود زئی میں ارباب جمیل خان کے حجرے میں منعقدہ دائود زئی سول کنال کے ایک جامع منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یہ منصوبہ کٹھہ جندریات و کٹھہ ناساپہ کے نام پر کابل ریور سے علاقے کی زمینوں کی سیرابی کا واحد ذریعہ ہے جس سے علاقے کی پانچ ہزار ایکڑ زمین سیراب ہوگی۔

(جاری ہے)

اس سکیم پر 8.79ملین روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جبکہ ہزاروں گھرانے اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے بتایا کہ ورسک ڈیم سے اس علاقے کے لئے پانی کا جو بندوبست کیا گیا ہے اس سے شاہ عالم تا ناگمان اور بالائی دائود زئی سے گل بیلہ تک120دیہاتوں کو آبپاشی کا پانی میسر ہوگا۔واضح رہے کہ یہ سکیم گزشتہ 15سال سے سرد خانے میں پڑی تھی۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر موجود کسانوں کو یقین دلایا کہ ایسے مزید سول کٹھوں کو بھی سرکاری تحویل میں شامل کیا جائے گا جس کے لئے ایک جامع سکیم آئندہ اے ڈی پی میں شامل کی جا رہی ہے۔

موقع پر موجود محکمہ آبپاشی کے حکام کو ہدایت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے مختلف علاقوں میں فلڈ پروٹیکشن وال کی تعمیر کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ تمام کٹھہ جات کو تعمیر کرتے وقت موسمی صورتحال کو بھی مد نظر رکھا جائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ارباب جمیل نے علاقہ دائودزئی میں شیر پائو خاندان کی خدمات اور ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیر پائو کی خدمات کو سراہتے ہوئے علاقے کے عوامک ی طرف سے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔