Live Updates

عمران خان نے پارٹی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے بیان پر غیر مشروط معافی مانگ لی

ہم کس سے تعصب کررہے ہیں، کیا آپ ہمارے ساتھ کھیل کھیل رہے ہیں،ہمارا سیاست سے تعلق نہیں،اس پر لعنت بھیجتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر

پیر 16 جنوری 2017 21:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اپنے بیان پر غیر مشروط معافی مانگ لی ہے۔پیر کو الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف پارٹی فنڈ کیس کی سماعت ہوئی جس میں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

تحریک انصاف کی جانب سے 9 جنوری کو الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرایا گیا تھا جس میں الیکشن کمیشن کو متعصب قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس کیس پر حکم امتناعی دے رکھا ہے لیکن الیکشن کمیشن اس کے باوجود اس کیس کی سماعت کررہا ہے۔الیکشن کمیشن میں سماعت کے موقع پر چیف الیکشن کمشنر تحریک انصاف کے وکیل پر برہم ہوتے ہوئے کہا کہ 2 سال سے کیس التواء کا شکار ہے تاہم ہم کس سے تعصب کر رہے ہیں، کیا آپ ہمارے ساتھ کھیل کھیل رہے ہیں، اس سے زیادہ کیا بدتمیزی ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے تحریک انصاف کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، ہم اس پر لعنت بھیجتے ہیں لیکن خبردار کرتے ہیں کہ ہمارے ساتھ سیاست سیاست نہ کھیلیں۔ ممبر الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن کیساتھ مذاق ہے، جس کی مرضی آتی ہے یہاں بولنا شروع کر دیتا ہے۔چیف الیکشن کمشنر کے برہم ہونے پر تحریک انصاف کے وکلا نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم 9 جنوری کو جمع کرایا گیا اپنا جواب واپس لیتے ہیں تاہم الیکشن کمیشن نے تحریری معافی نامہ جمع کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے وکلا نے تحریری معافی نامہ الیکشن کمیشن میں جمع کرادیا ہے جس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے غیر مشروط معافی مانگی ہے۔ معافی نامے کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نظرثانی درخواست میں پیش کیا گیا بیان واپس لیتی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات