چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑکی زیر صدارت اتھارٹی کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس،

پشاور موڑ سے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک میٹرو بس چلانے کیلئے انفراسٹرکچر کے ڈیزائن اور تعمیراتی نگرانی کیلئے کنسلٹنٹ ہائر کرنے کی منظوری دی گئی

پیر 16 جنوری 2017 21:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس پیر کو چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑکی زیر صدارت منعقد ہوا،جس میں پشاور موڑ سے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک میٹرو بس چلانے کیلئے انفراسٹرکچر کے ڈیزائن اور تعمیراتی نگرانی کیلئے کنسلٹنٹ ہائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

شاہد اشرف تارڑ نے اجلاس کوبتایاکہ یہ منصوبہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر شروع کیاجارہاہے۔اس میٹرو بس کیلئے سڑک کی لمبائی تقریباً25.6 کلومیٹر ہوگی اور اس منصوبے کے پہلے دو پیکجز پشاور موڑ سے G-13 اور G-13 سے N-5 انٹرچینج تک کی تعمیر کیلئے ابتدائی کام جلد از جلد مکمل کئے جارہے ہیں۔اس منصوبے میں 14 سٹیشن اور 4 انٹرچینج تعمیر کرنے کی تجویز ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چترال۔گرم چشمہ دورہ روڈ کو بہتر بنانے اور چوڑاکرنے کے پی سی ون کی بھی منظوری دی گئی جس کی لاگت8661 ملین روپے سے زائد ہے ۔منصوبے کی کل لمبائی 82.5 کلومیٹر ہے اور اسے دو پیکجز میں مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے میں 13 پل اور 134 کلورٹس تعمیر کئے جائیں گے۔منصوبے کے تحت سڑک کو 7.3 میٹر تک چوڑا کیاجائے گا۔اجلاس میں 48 کلومیٹر چترال۔ایون۔

بمبوریت سڑک کو بہتر بنانے اور چوڑا کرنے سے متعلق پی سی ون کی بھی منظور ی دی گئی جس کی لاگت 4101 ملین روپے سے زائد ہے۔پہاڑی علاقے سے گزرنے والی اس سڑک کو 4 سیکشنوں میں مکمل کیا جائے گا اور اس پر 8 پل تعمیر کئے جائیں گے ۔جبکہ 55 کلومیٹر ہرنائی۔سنجاوی سڑک کو اپ گریڈ کرنے کے پی سی ون کی بھی منظوری دی گئی ۔اس منصوبے کے پہلے 35 کلومیٹر کاحصہ انتہائی مشکل پہاڑی علاقے سے گزرتا ہے ۔

اجلاس میں ان تینوں منصوبوں کو سی ڈی ڈبلیو پی/ ایکنک کی منظوری کیلئے بھیجنے کی سفارش کی گئی۔اجلاس میں لئی اور سواں کے دو رویہ پلوں کو 4 رویہ کرنے اور 15 کلومیٹر کچلاک بائی پاس کا کام ایوارڈ کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں اسلام آباد۔پشاور موٹروی(M-1) پر 16لین پر مشتمل مستقل اسلام آباد ٹول پلازہ کی تعمیر،جگلوٹ۔سکردو روڈ کی اپ گریڈیشن ،جلال پور پیروالا۔

اُچ سریف سڑک کی بحالی اور اپ گریڈیشن اورایبٹ آباد اربن ایریا میں سڑک کو چوڑا کرنے سے متعلقہ امور پر تفصیلی غور وخوض کیا گیا۔اجلاس میںشوکت حیات انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، الطاف اصغر جائنٹ سیکرٹری وزارت مواصلات،سجاد افضل آفریدی چیف این ٹی آر سی،منیر احمد انجم چیف ٹی اینڈ سی پلاننگ کمشن ،راجہ نوشیر وان ممبر پلاننگ این ایچ اے ،شعیب احمد خان ممبر فنانس این ایچ اے ،رضوان بیگ جنرل منیجر ہائی وے ڈویژن نیسپاک اور سعید احمد ملک سیکرٹری این ایچ اے نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :