پشاور کے ٹرانسپورٹر ز کے وفدکی ملک شاہ محمد خان وزیر سے ملاقات، ٹرانسپورٹروں کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا

پیر 16 جنوری 2017 21:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان وزیر سے پیر کے روز پشاور کے ٹرانسپورٹروں کے ایک نمائندہ وفد نے ان کے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور انہیں ٹرانسپورٹروں کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا۔ وفد کی قیادت حاجی الماس آفریدی ،خان زمان اور نور محمد کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ ظہور خان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفد سے باتیں کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی مخلوط صوبائی حکومت کی تمام پالیسیاں حقیقت پسندانہ اور عوامی خواہشات کی ترجمان ہیں کسی کے ساتھ بے انصافی اور زیادتی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ٹرانسپورٹروں کی طرف سے پیش کئے گئے مسائل و مطالبات کو غور سے سنا اور ان کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ وفد نے معاون خصوصی کا ان کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی اور ہمدردی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوامی مفادات کی حامل تمام پالیسیوں کا خیر مقدم کرتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ وہ ان کی جائز تکالیف کے ازالہ کے لئے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :