حکومت عوام کو سستے مکانوں کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے،ڈاکٹر امجد علی

پیر 16 جنوری 2017 21:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ صوبے میں رہائشی مکانات کی کمی ہے اور آبادی میں اضافے کے ساتھ اس میں بھی ہر سال بتدریج اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے عوام الناس کو مکانات کی قلت کا سامنا ہے لہذا حکومت اس کمی کوپورا کرنے کے لئے انقلابی اقدامات کے تحت بنکوں سے آسان شرائط پر قرضوں کے حصول کو ممکن بنا رہی ہے تاکہ عوام کو سستی اور معیاری رہائشی سہولیات فراہم کر کے انہیں اپنے گھر کا مالک بنایا جاسکے۔

انہوں نے یہ بات پیر کے روز کمیٹی روم سیکرٹری ہائوسنگ سول سیکرٹریٹ پشاور میں بنک ہو م فنانسنگ سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری ہائوسنگ خیبر پختونخوا ڈاکٹر جمال یوسف،ڈائریکٹر جنرل ہائوسنگ عمر اعجاز،ڈائریکٹر ماڈل ٹائون محمد عثمانی کے علاوہ نیشنل بنک آف پاکستان،بنک آف خیبر،فرسٹ ویمن بنک،حبیب بنک سمیت دیگر سرکاری و نجی بنکوں کے نمائندوں اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بنک کے نمائندوں کو خپل کور(2-K) ماڈل بنک ہوم فنانسنگ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور حکومت کی سرکاری ہائوسنگ سکیموں میں مکانوں کی تعمیر کے لئے لوگوں کو قرضوں کی فراہمی کے لئے بنک انتظامیہ کو آمادہ کرنا ہے۔ سیکرٹری ہائوسنگ نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت عام آدمی اور سرکاری ملازمین کو کم قیمت گھر کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ آبادی کے اضافے کو ایک مخصوص ترتیب سے آگے بڑھایا جائے۔

اجلاس میں بنک کے نمائندوں نے اپنی تجاویز اور آراء پیش کیں اور قرضوں کی فراہمی کے بارے میں بعض تحفظات کا اظہار کیا تاہم انہیں اپنی تجاویز رواں ماہ کے آخر تک متعلقہ محکمے کو ارسال کرنے کی گزارش کی گئی۔اجلاس میں ڈائریکٹر ماڈل ٹائون نے سلائیڈز کے ذریعے خپل کور(2-K)ماڈل بنک ہوم فنانسنگ کی تفصیلات پیش کیں اور حکومت کی جانب سے کم قیمت گھروں کی فراہمی کے اس منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے مختلف اقدامات کا ذکر کیا جبکہ پانچ مرلہ گھر کے ڈیزائن اورتعمیراتی اخراجات کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔

متعلقہ عنوان :