صوبائی حکومت سمال انڈسٹریز اور ماربل انڈسٹریز کی ترقی و فروغ کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے تاکہ صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام ان سے مستفید ہوں،عبدالکریم خان

پیر 16 جنوری 2017 21:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2017ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے انڈسٹری اینڈ کامرس عبد الکریم خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سمال انڈسٹریز اور ماربل انڈسٹریز کی ترقی و فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے تاکہ صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام ان سے مستفید ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنید ماربل فیکٹری نہال پور جہانگیرہ میں ماربل انڈسٹری ایسوسی ایشن خیر آبادجہانگیرہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سمال انڈسٹریل مینیجنگ ڈائریکٹر رشید خان، اسسٹنٹ کمشنر جہانگیرہ اقبال خان ، ماربل انڈسٹری ایسوسی ایشن جہانگیرہ کے صدر حاجی شوکت سید ، جنرل سیکرٹری حاجی عباد علی اور دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ ماربل انڈسٹری ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شوکت سید نے ایسوسی ایشن کے مسائل کے بارے میں عبدالکریم خان کو آگاہ کیا کہ یہاں انڈسٹریل سٹیٹ میں ناروا لوڈ شیڈنگ اور دیگر مسائل موجود ہیں جنکے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرور ت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ جہانگیرہ سے کرنل شیر انٹر چینج لنک روڈ تعمیر کیا جائے جس پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے تفصیلی ملاقات کی یقین دہانی کرائی تاکہ یہ روڈ جلد سے جلد تعمیر کیا جاسکے۔ عبد الکریم خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت سمال انڈسٹریز اور ماربل انڈسٹری کی ترقی خصوصی اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت رشکئی میں ایک ہزار ایکٹر زمین پر اکنامک زون تعمیر کررہی ہے۔ انہوں نے جہانگیرہ ماربل انڈسٹریل سٹیٹ کیلئے علیٰحدہ بجلی فیلڈر لگانے کا اعلان کیا۔انہوںنے ایسوسی ایشن کے تمام مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ایف ڈبلیو او کے تعاون سے صوبہ بھر میں 1200میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے اور صوبائی حکومت نے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر پر کام شروع کر دیا ہے جس سے صوبہ میں بجلی کی قلت اور لوڈشیڈنگ جیسے لعنت پر قابو پایا جاسکے گا اور صوبہ بھر کی چھوٹی صنعتیں اس سے مستفید ہوںگی۔