اپوزیشن کونسلروں کی ہٹ دھرمی کے باعث میٹروپولٹین کا بجٹ پاس نہ ہوسکا‘میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ

پیر 16 جنوری 2017 20:53

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کونسلروں کی ہٹ دھرمی کے باعث میٹروپولٹین کا بجٹ پاس نہ ہوسکا جس کی وجہ سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہوا اور ڈیلی ویجز ملازمین کو فارغ کرنا پڑا‘وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی ہدایات اور خصوصی فنڈز سے صفائی کا65فیصد کام مکمل کرلیاگیا ہے جبکہ چھوٹے اور بڑے نالوں کی صفائی کیلئی8کروڑ روپے کی مزید ٹینڈر ز زیر غور ہے میڈیا نمائندے صفائی مہم کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کریں ‘یہ بات انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی‘ میئر کوئٹہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے کونسلروں نے بجٹ کے وقت ساتھ نہیں دیا جس کی وجہ سے بجٹ التواء کا شکار ہوا اور عوامی مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوا ڈپٹی میئر نے اللہ جانے کن وجوہات کی بناء پر اپنا قیمتی ووٹ کاسٹ نہیں کیا انہوں نے کہاکہ صوبے کی آبادی میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے سابقہ ادوار میں صفائی پر توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے مسائل بڑھ گئے ہیں اورسالوں کی گندگی کو صاف کرنے کیلئے 400ملازمین سے دن رات کام لیا جارہا ہے جبکہ اس کے علاوہ تقریباً3ہزار ملازمین کی مزید فوری ضرورت ہے عوام بھی صفائی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ یہ شہر ہم سب کا مشترکہ گھر ہے انہوں نے کہاکہ حالیہ بارشوں اور برفباری سے نمٹنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھی جو صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں رہی اس کے علاوہ بجلی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے 6کروڑ روپے منظور کرلیے گئے انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر کو مثالی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔