مسائل کا شکار عوام کے زخموں کی ’’دوا‘‘چیئرمین مصطفی کمال کے پاس ہے‘29جنوری کو پاک سرزمین پارٹی کراچی کی تاریخ کاکامیاب جلسہ کرے گی،پاک سرزمین پارٹی جنوبی پنجاب کے انچارج کرامت علی شیخ کی گفتگو

پیر 16 جنوری 2017 20:46

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2017ء) پاک سرزمین پارٹی کے زونل انچارج جنوبی پنجاب کرامت علی شیخ نے کہا ہے کہ مسائل کا شکار عوام کے زخموں کی ’’دوا’’چیئرمین مصطفی کمال کے پاس ہے۔چاروں صوبوں کے لوگ پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوکر اس کی باضمیر قیادت کے قول وفعل کی شہادت دے رہے ہیں۔29جنوری کو پاک سرزمین پارٹی کراچی کی تاریخ کاکامیاب جلسہ کرے گی۔

ملتان اور جنوبی پنجاب میں بھی پاک سرزمین پارٹی کے جلسے ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مٹھی بھرمایوس لوگ قائداعظم ؒ کے پاکستان میں نفرت کی سیاست اورنفاق کی تجارت نہیں کرسکتے۔سانحہ بلدیہ کراچی میں ملوث درندہ صفت کرداروں کوکیفرکردار تک پہنچایاجائے۔انہوں نے کہا کہ باریاں مقرراورمیچ فکس کرکے کھیلنے والے کھلاڑی پاکستان کامستقبل نہیں سنوار سکتے۔

ریاست،قومی معیشت اورجمہوریت بچانے کیلئے موروثی سیاست کے تابوت کوسمندربردکرناہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کی قیادت کے سواکسی نے قومی غداروں اوربھارت کے وفاداروں کونہیں للکارا لہٰذاء پاکستان کے محب مصطفی کمال،انیس احمدقائم خانی اوررضاہارون کے پیچھے کھڑے ہیں۔ چاروں صوبوں کے عوام آنکھیں بندکرکے ہماری قیادت پراعتماد کرسکتے ہیں۔