وزیراعظم کے مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز کا افغانستان کے سفارتخانہ کا دورہ،کابل، قندھار اور ہلمند میں دہشت گرد حملوں میں قیمتی جانی نقصان پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے دلی رنج و غم کا اظہار

پیر 16 جنوری 2017 20:37

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے پیر کو افغانستان کے سفارتخانہ کا دورہ کیا اور تعزیتی کتاب پر تاثرات قلمبند کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے 10 جنوری 2017ء کو کابل، قندھار اور ہلمند میں ہونے والے تین دہشت گرد حملوں میں قیمتی جانی نقصان پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے دلی رنج و غم کا اظہار کیا اور متحدہ عرب امارات کے سفارتخانہ کے اہلکاروں کے سوگوار خاندانوں سمیت دیگر سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت سے پورے خطہ کا امن متاثر ہو رہا ہے اور یہ ایک مشترکہ دشمن ہے اور باہمی اعتماد کے جذبے کے ساتھ مربوط کوششوں کے ذریعہ اس سے موثر طور پر نمٹا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے سنگین واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس لعنت کے خاتمہ کیلئے افغانستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اپنے تعاون کا اعادہ کرتے ہیں۔