گھریلو صارفین کا حویلیاں اور ہری پور سمیت ہزارہ کے سی این جی سٹیشن مارچ تک بند رکھنے کا مطالبہ

پیر 16 جنوری 2017 20:33

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) گھریلو صارفین نے حویلیاں اور ہری پور سمیت ہزارہ بھر کے سی این جی سٹیشن مارچ تک بند رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایبٹ آباد کے شہریوں نے صحافیوں کو بتایا کہ نیا سال شروع ہونے کے بعد شدید بارش اور برف باری کے دوران ایبٹ آباد کے تمام علاقوں میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ شروع کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک پہنچ چکی ہے۔

سوکھی لکڑی اور ایل پی جی سلنڈر کی قیمتیں عام لوگوں کی قوت خرید سے باہر ہیں۔ شہریوں نے کہاکہ آئینی اور قانونی طور پر سوئی گیس کے استعمال کا پہلا حق گھریلو صارفین کا ہے، موجودہ بحرانی صورتحال میں گھریلو صارفین کو گیس نہیں مل رہی ہے جبکہ ضلع ہری پور اور تحصیل حویلیاں میں شاہراہ ریشم پر موجود تمام سی این جی سٹیشن چوبیس گھنٹے گیس فروخت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شہریوں نے سوئی ناردرن گیس کمپنی ہزارہ کے جنرل منیجر سے مطالبہ کیاکہ ٹرانسپورٹر اپنی گاڑیاں ڈیزل اور پٹرول پر چلائیں کیونکہ یہ لوگ پہلے ہی کرائے ڈیزل اور پٹرول کے حساب سے وصول کر رہے ہیں جبکہ گاڑیاں سی این جی پر چلا رہے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حویلیاں اور ہری پور سمیت پورے ہزارہ میں سی این جی سٹیشن مارچ تک بند رکھے جائیں تاکہ گھریلو صارفین کو سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :