سندھ ایلیٹ ریفریز کورس میں نمایاں پوزیشن لینے پر اسمٰعیل خان کے اعزاز میں عشائیہ

پیر 16 جنوری 2017 20:33

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) ڈی ایف اے کراچی سینٹرل نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے نوجوان اور باصلاحیت ریفری اسمٰعیل خان کو گذشتہ ماہ سندھ فٹبال ریفریز ایسوسی ایشن کے تعاون سے ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن ، شہید بے نظیر آباد کے زیر اہتمام منعقدہ سندھ ایلیٹ ریفریز ریفریشر کورس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر شاندار عشائیہ دیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کے جملہ فٹبال کلبوں کے آفیشلز نے اپنی شرکت کو یقینی بنایا۔

سیکریٹری ایسٹ کیپٹن عبید الله اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ سابق قومی کپتان محمد نقی خان نے صدر تقریب کی نشست سنبھالی۔ مذکورہ ریفریز کورس میں سندھ کے ہر ڈسٹرکٹ کے کم از کم 2,2 ریفریز نے شرکت کی تھی لیکن صرف 12 ریفریز کو کامیاب قرار دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

کراچی سے اسمٰعیل خان اور نذیر حسین کامیاب قرار پائے تھے جبکہ دیگر 10ریفریز کا تعلق اندورن سندھ سے تھا۔

اسمٰعیل خان جو پہاڑ گنج یونائیٹڈ، ڈی سلوا ٹاؤن ، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے رجسٹرڈ کھلاڑی ہیں اور مقامی یونیورسٹی میں بحیثیت لیکچرر منسلک ہیں۔ انہیں پہلی بار کسی مستند ریفریز کورس میں شرکت کا اعزاز حاصل ہوا اور پہلی ہی انٹری میں انہوں نے زبردست کارکردگی دکھائی اور تھیوری اور پریکٹیکل میں نمایاں پوزیشن کے ساتھ کامیابی حاصل کی جبکہ اس کورس میں کراچی کے نامور ریفریز شرکت کر رہے تھے۔

مہمان خصوصی کیپٹن عبید الله نے نوجوان ریفری اسمٰعیل خان کی حوصلہ افزائی کیلئے ان کے اعزاز میں ڈی ایف اے کراچی سینٹرل کی جانب سے شاندار عشائیہ کا اہتمام یقینا قابل تعریف اقدام ہے جس سے نوجوان ریفری کو آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔صدر تقریب محمد نقی خان نے ہار پہنا کر اسمٰعیل خان کو تقریب میں خوش آمدید کہا اور انہیں مزید محنت کی تلقین کی ۔

سیکریٹری سینٹرل سلیم پٹنی نے اسمٰعیل خان کوڈسٹرکٹ سینٹرل کا اثاثہ قرار دیا کہ بہت عرصے بعد ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ایک باصلاحیت نوجوان ریفری کا اضافہ ہوا ہے۔ سیکریٹری سینٹرل نے الحاق شدہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے کلبس ریکارڈ کے مکمل ہونے کا کریڈٹ نائب صدر سینٹرل محمد شمیم کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قلیل عرصہ میں ایک ناممکن کام کو ممکن بنادیا۔

علاوہ ازیں انہوں نے جملہ فٹبال کلبس کو رجسٹریشن سرٹیفکٹ کا اجراء کرکے ان کے دیرینہ مطالبے کو بھی حقیقت کا رنگ دیا۔ چیئرمین کمپٹیشن کمیٹی سینٹرل ریاض احمد نے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کلب ریکارڈز کے مکمل ہونے پر چیئرمین ریکارڈ ونیو رجسٹریشن کمیٹی محمد شمیم اور ان کی کابینہ کے اراکین کو دلی مبارکباد پیش کی۔ صدر سینٹرل سید عثمان شاہ کی تقریب میں عدم شرکت کے متعلق بتایا کہ ان کی سالی کا انتقال ہوگیا ہے اور وہ تعزیت کیلئے اپنے گاؤں مانسہرہ چلے گئے ہیں۔

تاہم تقریب کا اہتمام انہی کی ہدایت پر کیا گیا ۔ عشائیہ میں آدم جان، حسام الدین، لالا اورنگزیب، سلیم الدین بابر، محمد شبیر، جنید محمد خان، حسن آغا، اسمٰعیل منصوری، عبدالکریم، سید خورشید علی شاہ، اکبر شیخ، وسیم عالم، پروفیسر ابراہیم خان،مطاہر حسین، سعد کاظمی ودیگر نے شرکت کی۔ بعدازاں اسمٰعیل خان کو اعزازی شیلڈ اور جملہ شریک کلبوں کے نمائندوںمیں رجسٹریشن سرٹیفکٹ تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :