پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹ سندھ کا اجلاس

میٹرو ون ٹی وی چینل کو سینیٹر سعید غنی کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ کی سفارش

پیر 16 جنوری 2017 20:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی کونسل آف کمپلینٹ سندھ نے میٹرو ون ٹی وی چینل کو سینیٹر سعید غنی کے خلاف اپنے ایک ٹی وی پروگرام میں بے بنیاد الزام تراشی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ کی سفارش کی ہے۔ پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹ کا اجلاس پروفیسر انعام باری کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سینیٹر سعید غنی کے وکلاء اور ملٹی پلس کارپوریشن میٹرو ون کے وکلاء کے دلائل سنے۔

سینیٹر سعید غنی نے سینیٹر روبینہ خالد کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی اور چینل کی جانب سے ان کے خلاف لگائے گئے الزامات پر اپنا مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے میٹرو ون اسلام آباد کے بیورو چیف حبیب الرحمن اور چیف رپورٹر بابر شہزاد ترک سے استدعا کی کہ وہ کونسل کے سامنے پیش ہوں اور ان کے خلاف جو رپورٹ پیش کی گئی اس کے بارے میں ثبوت اگر کوئی ہیں تو وہ پیش کریں تاہم میٹرو ون کے نمائندے ایسا کرنے سے قاصر رہے۔

(جاری ہے)

دونوں اطراف کو سننے کے بعد کونسل نے میٹرو ون کو 10 لاکھ روپے جرمانہ کی سفارش کی جو 15 روز میں جمع کرانا ہو گا۔ چینل کو خبردار کیا گیا کہ اسی نوعیت کی خلاف ورزی سے دوبارہ گریز کیا جائے، اگر کونسل کے فیصلہ پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو چینل کے خلاف پیمرا آرڈیننس 2002ء کے سیکشن 30 کے تحت اس کے لائسنس کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے۔ رکن قومی اسمبلی شاہدہ اختر علی نے بول ٹی وی چینل کی جانب سے 21 نومبر 2016ء کو ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے پروگرام ایسے نہیں چلے گا، میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے خلاف توہین آمیز اور غلط الزامات لگانے پر چینل کے خلاف شکایت کی گئی ہے جس میں کونسل سے استدعا کی گئی ہے کہ اس پر چینل کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ کسی سینیئر رکن پارلیمنٹ کے خلاف غلط اور ذاتی الزام تراشی کرے۔ کونسل نے بول نیوز کے وکیل کی استدعا پر اس معاملہ کو 15 دن کیلئے مؤخر کر دیا۔

متعلقہ عنوان :