جمہوریت کے نام پر ملک میں آمریت قائم ، ایک بھائی نے پورے پنجاب کو یرغمال بنا رکھا ہے‘ میاں محمود الرشید

سارے وسائل ایک شہر میں ایک کروڑ عوام پر لگا کر باقی9 کروڑ عوام کو نظر انداز کر کے قوم میں تفریق پیدا کی جا رہی ہے

پیر 16 جنوری 2017 20:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہاہے کہ جمہوریت کے نام پر ملک میں آمریت قائم ہے، ایک بھائی نے پورے پنجاب کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ اسلام آباد میں عمران خان کی زیر صدارت اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سارے وسائل ایک شہر میں ایک کروڑ عوام پر لگا کر باقی9 کروڑ عوام کو نظر انداز کر کے قوم میں تفریق پیدا کی جا رہی ہے، دوسرے اضلاع کے فنڈزکاٹ کرلاہور کی ترقی پرلگادیئے گئے۔

ایک شہر کے علاوہ35اضلاع کے عوام احساس محرومی کاشکار ہیںجبکہ دوسرے بھائی کی معصومیت کی حد یہ ہے کہ انکو پتہ ہی نہیں انکے بچوں کے پاس اربوں روپے کہاں سے آئے، آف شور کمپنیاں کیسے بنائیں، میڈیا میں کہتے ہیں احتساب کیلئے تیار ہوں سپریم کورٹ میں انکے وکلا آئیں بائیں شائیں کرتے ہیں، اسمبلی تقریر کو سیاسی کہہ کر مقدس ایوان کی توہین کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

میاں محمود الر شید نے کہا کہ بی بی سی کی رپورٹ آنے کے بعد حکومت کی جھوٹ پر مبنی فلم فلا پ ہو گئی اب قوم کے سامنے سارے حقائق کھل کر سامنے آ چکے ہیں اب عوام کرپشن کیخلاف عظیم جنگ جیتنے کے قریب ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں میاں محمود الر شید نے کہا کہ اگر فیتے کاٹنے سے کوئی الیکشن جیتتا تو مسلم لیگ الیکشن ہارتی نہ مشرف صدارت سے ہاتھ دھو تا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گر حکومت کو یقین ہے کہ کو وہ کیس جیت رہے ہیں تو ہر روز وزراء پریس کانفرنس کیوں کرتے ہیں اور ہر روز اپنا موقف کیوں بدلتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :