گجرات کے بی ایچ یو پر ڈاکوؤں کی لیڈی ہیلتھ ورکرز سے زیادتی کیس

حقائق چھپانے پر سی ای او ہیلتھ گجرات ، ڈی او ایچ اور ڈی ڈی او ایچ گجرات فوری طو رپر معطل

پیر 16 جنوری 2017 20:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پرصوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر اور سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے گجرات کے بنیادی صحت مرکز پر ڈاکوؤں کی لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ساتھ زیادتی کے واقعہ کی انکوائری کے لئے گجرات کا دورہ کیا اور بنیادی صحت مرکز پر پہنچ کر افسوسناک واقعہ کی انکوائری کی۔

(جاری ہے)

ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ واقعہ 29 اور 30 دسمبر کی درمیانی شب پیش آیا ۔تاہم سی ای او ہیلتھ گجرات ڈاکٹر الطاف حسین ، ڈی او ایچ ڈاکٹر محمد علی مفتی اور ڈی ڈی او ایچ گجرات ڈاکٹر یوسف ڈار نے محکمہ کو اس بارے میں فوری اطلاع نہیں دی اور دو دن قبل محض ڈکیتی کے بارے آگاہ کیا ۔خواجہ عمران نذیر نے حقائق چھپانے اور تاخیر سے محکمہ کو اطلاع دینے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ تینوں افسران کو فوری طو رپر معطل کرنے کی ہدایت کی ۔سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے تینوں افسران کو صوبائی وزیر کی ہدایت پر فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ۔