اوپی سی نے یتیم بچی کودادی اور چچا کے زیر قبضہ اراضی واپس دلادی

یونان میں مقیم عرفان شہزاد کے انتقال کے بعد اس کی والدہ اور دو بھائیوں نے مرحوم کی ساڑھے چھ کنال اراضی پر قبضہ کرلیاتھا

پیر 16 جنوری 2017 20:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) اوورسیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی)پنجاب کی کوششوں سے دادی اور دو سگے چچائوں کے زیر قبضہ ساڑھے چھ کنال بیش قیمت اراضی یتیم بچی اور اس کی بیوہ ماں کو واپس دلادی گئی ہے۔وائس چیئر پرسن اوپی سی شاہین خالد بٹ اور کمشنر افضال بھٹی نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے زیراہتمام منعقدہ کانفرنس سے خطاب کے دوران بتایا کہ ایتھنز، یونان میں مقیم اوورسیز پاکستانی عرفان شہزاد، 2011 میں حادثاتی طور پر انتقال کرگیا جس کے بعد اس کی والدہ ارشاد بیگم ،چچا افتخار اور نعمان نے مرحوم کی گوجرانوالہ میں واقع ساڑھے چھ کنال اراضی پر غیر قانونی قبضہ کرلیا۔

شاہین خالد بٹ اور افضال بھٹی نے بتایا کہ مرحوم کی بیوہ سعدیہ عرفان کی طرف سے اوپی سی میں شکایت کے بعد کیس ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی گوجرانوالہ کو ریفر کیا گیاجس کی مسلسل کوششوں سے عرفان شہزاد کی بیوہ اور 9 سالہ بیٹی خوش بخت کو اس اراضی کا قبضہ واپس دلادیا گیا ۔

(جاری ہے)

وائس چیئرپرسن اور کمشنر نے مزید بتایا کہ عرفان شہزاد کے انتقال کے بعد اس کا بھائی افتخار احمد اپنے مرحوم بھائی کی دستاویزات استعمال کرکے یونان چلاگیاتھا جس پر اوپی سی نے مزید کارروائی کرتے ہوئے اسے ڈی پورٹ کر وا کے پاکستان میں گرفتار بھی کرایا۔مرحوم کی بیوہ سعدیہ عرفان اور بیٹی خوش بخت نے اراضی کی واپسی میں مدد فراہم کرنے پر او پی سی کا شکریہ ادا کیا ہے۔