انسداد دہشت گردی فورس کے بہادر افسروں اورجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی ‘شہبازشریف

صوبے میں قیام امن اور جرائم کی روک تھام کیساتھ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت تین گھنٹے طویل اجلاس، امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سیف سٹی پراجیکٹ پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

پیر 16 جنوری 2017 20:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سیف سٹی پراجیکٹ پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن عامہ کی فضا کو بہتر سے بہتر بناناہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے پنجاب حکومت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیںاور صوبے میں قیام امن اور جرائم کی روک تھام کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف تسلسل کے ساتھ بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے۔ انہو ںنے ہدایت کی کہ منصوبے کو اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے اور اس منصوبے کو مربوط انداز میں تیزی سے آگے بڑھایا جائے اور متعلقہ محکمے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت منصوبے پر کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دیگر6 بڑے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنے کیلئے ضروری امور جلد طے کئے جائیں اور سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت جن مقامات پر کام ہو رہا ہے وہاں سے ملبہ فوری طور پر اٹھایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسداد دہشت گردی فورس صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جوانمردی سے کام کر رہی ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے یہ فورس ہراول دستے کا کردار اداکر رہی ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انسداد دہشت گردی فورس کا کردار لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جان پرکھیل کر دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں اور قوم کے بہترین کل کیلئے اپنا آج قربان کرنے والوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انسداد دہشت گردی فورس کے بہادر افسروں اورجوانوں (کارپورلرز)کی بھرپور حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ انسداد دہشت گردی فورس کے کارپورلرز کیلئے ریفریشر کورسز باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم ملک سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کا پختہ عزم کر چکی ہے اور انشاء اللہ اتحاد اور اتفاق کی قوت سے اس ناسور کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کریں گے۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، کرنل (ر) محمد ایوب، جہانگیر خانزادہ، مشیر رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :