فاٹاسے پولیوکامکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے ،2017 میں فاٹا سے پولیو کامکمل خاتمہ کردیاجائے گا،فاٹا کے بچوں کوپولیو سے محفوظ مستقبل دیناہم سب کی ذمہ داری ہے،بلند عزم اور حوصلہ ہوتو کوئی بھی کام مشکل نہیں ہوتا ،فاٹا کے عوا م جب کسی کام کاارادہ کرلیں تو وہ کرکے دکھاتے ہیں ،نسدادپولیو مہم میں صحت محافظین کاکردار بھی جہاد سے کم نہیں

گورنرخیبرپختونخواانجینئراقبال ظفرجھگڑا کا فاٹا میں سال2017 کی پہلی انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 16 جنوری 2017 20:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2017ء) گورنرخیبرپختونخواانجینئراقبال ظفرجھگڑانے کہاہے کہ فاٹاسے پولیوکامکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے اورتوقع ظاہر کی ہے کہ 2017 میں فاٹا سے پولیو کامکمل خاتمہ کردیاجائے گا، فاٹا کے بچوں کوپولیو سے محفوظ مستقبل دیناہم سب کی ذمہ داری ہے، بلند عزم اور حوصلہ ہوتو کوئی بھی کام مشکل نہیں ہوتا، فاٹا کے عوا م جب کسی کام کاارادہ کرلیں تو وہ کرکے دکھاتے ہیں ،نسدادپولیو مہم میں صحت محافظین کاکردار بھی جہاد سے کم نہیں۔

وہ پیرکے روز گورنرہاؤس پشاورمیں منعقدہ فاٹا میں سال2017 کی پہلی انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انسدادپولیو مہم 16 جنوری سے 19 جنوری تک جاری رہے گی۔ گورنرنے اس موقع پر پانچ سال سے کم عمر بچوں میں انسداد پولیو مہم کے قطرے پلا کر فاٹا میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا فدا وزیر جو کہ کوآرڈ ینیٹر ای او سی فاٹابھی ہیں،ڈاکٹرندیم جان فوکل پرسن ای او سی فاٹا، محکمہ صحت فاٹا اوردیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروںکے تعاون سے پولیوویکسینیشن کامیابی سے جاری ہے۔ فاٹا پولیو پروگرام کامیابی کی منزل کے قریب پہنچ چکا ہے۔ ہمارے جرائتمندصحت محافظوں نے جانفشانی کے ساتھ کام کرکے ہرماہ دس لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیوویکسین کے قطرے پلا کر بچوں کو موذی مرض سے بچاکر ایک اہم کارنامہ سر انجام دیاہے۔

انہوں نے کہاکہ ہربچے کو پولیو ویکسین کے قطرے پلوانا والدین اور کمیونٹی کی قومی،اخلاقی اورانسانی ذمہ داری ہے۔گورنرنے متعلقہ حکام کوہدایت کی پولیو وائرس کومارچ2017 تک ہر صورت ہرانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ 2014 میں 179 پولیو کیسزرپورٹ ہوئے تھے، جبکہ 2016ء میں پورے فاٹا سے صرف 2 پولیو کیسز سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس سال انسداد پولیومہمات کے معیار میں بہتری اورفاٹا میں ہر بچہ تک رسائی کی یقین دہانی ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ فاٹا سے پولیو کے مکمل خاتمے کوحقیقت میں تبدیل کیاجاسکے۔

متعلقہ عنوان :