Live Updates

عمران خان جلسے جلسوں پر قوم کا وقت ضائع کرنے کے بجائے اپنی توجہ آئندہ عام انتخابات کی تیاری مرکوز کریں، حکومت بھاشا ڈیم دو حصوں میں مکمل کرنا چاہتی ہے، موجودہ حکومت نے 11 ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کرنے کیلئے منصوبے شروع کئے ہیں

وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت

پیر 16 جنوری 2017 20:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جلسے جلسوں میں قوم کا وقت ضائع نہ کریں اور اپنی تمام تر توجہ 2018ء پر مرکوز کریں۔ پیر کو اقتصادی راہداری منصوبے کی نگرانی کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس عوامی عدالت میں پٹ چکا ہے، سپریم کورٹ سے بھی جلد فارغ ہو جائے گا، اس لئے عمران خان جلسے جلسوں پر وقت ضائع کرنے کی بجائے 2018ء میں آئندہ عام انتخابات کی تیاری کریں، اگر انہوں نے الیکشن کی تیاری نہ کی تو ایک مرتبہ پھر عمران خان دھاندلی کا رونا رو رہے ہوں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لندن فلیٹ کے معاملہ کو 2008ء اور 2013ء کے انتخابات میں بھی سکینڈلائز کرنے کی کوشش کی گئی جس میں عوامی عدالت نے اپنا فیصلہ سنا دیا ، پانامہ کیس سپریم کورٹ سے بھی جلد فارغ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھاشا ڈیم کی تعمیر فوڈ باسکٹ کے تحفظ کیلئے ناگزیر ہے اس پر 16 ارب ڈالر خرچ ہوں گے، حکومت اسے دو حصوں میں مکمل کرنا چاہتی ہے، پہلے حصہ میں ڈیم تعمیر کیا جائے گا جس میں پاکستان میں غذائی تحفظ میں مدد ملے گی اور آبپاشی و پانی کے ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھ جائے گی، دوسرے مرحلہ میں ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کیلئے آئی پی پیز کے ذریعے سرمایہ کاری کوئی مشکل کام نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے تین سالہ دور میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کرنے کیلئے منصوبے شروع کئے ہیں جبکہ قیام پاکستان سے اب تک بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت صرف 17 ہزار میگاواٹ تھی، موجودہ حکومت نے صرف اپنے تین سالہ دور میں ملک کیلئے 11 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ کرم تنگی ڈیم سمیت پن بجلی کے دیگر منصوبوں پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے جس سے ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان انتخابی اصلاحات میں اپنا حصہ ڈالیں اور موجودہ حکومت کے ساتھ مل کر انہیں پایہ تکمیل تک پہنچائیں، عوام ان لوگوں کی تقاریر اور مطالبات کے حق میں نہیں ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات