صوبائی حکومت عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے،جمشیدالدین

پیر 16 جنوری 2017 20:00

نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کا کا خیل نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے اس لئے حکومت نے صوبے میں انصاف صحت کارڈ کا اجراء کرکے خیبر پختونخوا کے عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کے سہولیات کی فراہمی کا وعدہ پورا کر دیا ہے اب ہمیں بحیثیت قوم مل کر صوبے سے پولیو جیسی مہلک اور خطر ناک امراض کا مقابلہ کر نا ہو گا تاکہ ہم اقوام عالم میں ایک صحت مند قوم کی حثیت سے جانے جاسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ میں قاضی میڈیکل کمپلیکس میں پولیو مہم کے افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔میاں جمشید الدین کا کا خیل نے کہا کہ پوری دنیا میں پولیوکے خلاف مہم جاری تھی جس میں صرف پاکستان اور دیگر چند ممالک باقی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان نے پولیو جیسے مہلک مرض سے نجات نہ پائی تو اس وقت تک ہم خود کو ایک صحت مند قوم نہیں کہہ سکتے انہوں نے مزید کہا کہ فروری کے پہلے ہفتے میں نوشہرہ کے سب سے بڑے منصوبے قاضی میڈیکل کمپلیکس کا افتتاح ہونے والا ہے اور اس میڈیکل کمپلیکس سے نوشہرہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع کے عوام مستفید ہو سکیں گے ۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نوشہرہ خواجہ محمد سکندر ذیشان نے کہا ہے کہ پولیو جیسی خطرناک بیماری کے خاتمے کے لیے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہوگی ۔ اپنے بچوں کو پولیو ویکسین نہ پلانے والے والدین کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں ہمیں پولیو کے حوالے سے مختلف چیلنجز کا سامنا ہے تاہم ہمیں ان چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے اور پولیو جیسے مہلک مرض کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے ہونگے انہوں نے ضلع کے تمام یوسی ایم اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ریفیوزل کا خاتمہ کرکے پولیو سے پاک معاشرہ تشکیل دینے میں کردار ادا کریں بصورت دیگر پولیو کے قطرے نہ پلانے والے بچوں کے والدین کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔