سعودی کمپنی کا طیارے بنانے والی یورپی کمپنی ایئربس سے 80 طیاروں کا معاہدہ

معاہدے کے تحت فلائی ناس 80 اے 320 طیارے حاصل کرے گی ، اضافی طور پر 40 چھوٹے و درمیانی طیاروں کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے، طیاروں کی فراہمی کا عمل آئندہ برس تک شروع ہوجائے گا جو 2026 تک جاری رہے گا

پیر 16 جنوری 2017 19:53

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2017ء) سعودی عرب کی فضائی کمپنی ’فلائی ناس‘ نے طیارے بنانے والی یورپی کمپنی ایئربس سے 80 اے 320 طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کرلیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپی کمپنی اور سعودی فضائی کمپنی کے درمیان معاہدے پر دستخط ریاض میں ہوئے۔فلائی ناس کے چیئرمین عائد الجیاد نے اس موقع پر اپنے خطاب میں بتایا کہ معاہدے کے تحت فلائی ناس 80 اے 320 طیارے حاصل کرے گی جبکہ اضافی طور پر 40 چھوٹے و درمیانی طیاروں کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔

ناس ہولڈںگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو بندر الموہنا اور یورپین ایرواسپیس کمپنی کے ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ فواد عطار نے معاہدے پر دستخط کیے۔اس معاہدے کی مالیت 8.6 ارب ڈالر ہے جبکہ بندر الموہنا کا کہنا ہے کہ فلائی ناس کے لیے نئے طیاروں کی خریداری کا معاہدہ وقت کی ضرورت تھا تاکہ کمپنی مارکیٹ میں بہتر طریقے سے اپنا کردار ادا کرسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ طیاروں کی فراہمی کا عمل آئندہ برس تک شروع ہوجائے گا جو کم سے کم 2026 تک جاری رہے گا۔

دوسری جانب ایئربس کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سعودی فضائی کمپنی فلائی ناس نے 80 نئے طیاروں جبکہ 20 موجودہ طیاروں کی تجدید کا معاہدہ کیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ایران نے بھی عالمی پابندیوں ختم ہونے کے بعد یورپی کمپنی ایئربس سے پہلا مسافر طیارہ حاصل کیا تھا۔ایران نے 2015 میں جوہری پروگرام پر عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کے بعد ایئربس کو 189 نشستوں پر مشتمل 100 نئے اے 320 طیاروں کا آرڈر دیا تھا جنہیں وہ اپنی قومی فضائی کمپنی ایران ایئر میں استعمال کرے گا۔ اس سلسلے میں ایئربس نے پہلا اے 320 طیارہ ایران ایئر کے حوالے کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :