پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل اور انہیں صحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے

مولا بخش چانڈیو کی سندھ کابینہ اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ

پیر 16 جنوری 2017 19:48

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے سندھ کابینہ اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ مردم شماری ایک اہم مسئلہ ہے جس کے باعث کابینہ اجلاس کے دیگر ایجنڈے پر بات نہیں کی گئی اور اجلاس میں صرف مردم شماری کے حوالے سے بات چیت کی گئی کیونکہ یہ ایک انتہائی اہم ایشو ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں رہنے والے تمام افراد سندھی ہیں اور ہم یہاں کی عوام کے نمائندے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے ہم کسی کو بھی شکایت کا موقع نہیں دینا چاہتے لیکن ہم سندھ کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے کیونکہ یہاں رہنے والا ہر ایک فرد ہمارے لئے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں رینجرز اختیارات میں توسیع کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں کی گئی ہے۔

صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نادرا حکام کو ہدایات دی ہیں کہ وہ موبائل وین کی تعداد میں اضافہ کریں۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پیپلز پارٹی دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے، وہ عوام کے مسائل کے حل اور انہیں صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

متعلقہ عنوان :