انسداد پولیو کی کو حکومت کی کوششیں جلد کامیاب ہوں گی، کمشنر کراچی

انسداد پولیو کی سال نو کی پہلی مہم کا آغاز، ڈپٹی کمشنر آصف جان صدیقی نے افتتاح کیا

پیر 16 جنوری 2017 19:48

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا ہے کہ انسداد پولیو کیلئے سنجیدہ کوششیں کی جارہی ہیں، تمام متعلقہ ادارے پولیو کے خاتمے کی جدوجہد میں مل کر کوششیں کر رہے ہیں، امید ہے پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کی حکومت کی کوششیں جلد کامیاب ہوں گی۔ دریں اثنا کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پولیو کے خاتمہ تک اپنی کوششیں کو جاری رکھیں۔

پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شرقی آصف جان صدیقی نے جنت گل اسپتال، جنت گل کالونی سہراب گوٹھ پر سال کی پہلی مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آصف جان صدیقی نے کہا کہ کمشنر کراچی کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ کراچی سے پولیو کے خاتمہ کیلئے بھر پور کوششیں کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہم چھ روز جاری رہے گی، کراچی کی تمام 188 یونین کونسلوں میں مہم پر عمل درآمد کیا جائے گا، مہم میں 22 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم میں 12 ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں فرائض انجام دیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کمشنر کراچی کی ہدایت پر تمام ڈپٹی کمشنرز نے ڈسٹرکٹ پولیو کنٹرول روم کو فعال بنادیا ہے جس سے مانٹیرنگ موثر ثابت ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر شرقی آصف جان صدیقی نے کہا کہ یونین کونسل نمبر چار گجرو حساس یونین کونسل میں شامل ہے۔ اس علاقہ میں انسداد پولیو کی کامیاب کوششیں حوصلہ افزا بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ حاجی جنت گل اور علاقہ کے دیگر لوگوں کے تعاون کی وجہ سے یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اس موقع پر کمشنر کراچی، پولیو ٹاسک فورس کے کوآڑڈینیٹر ڈاکٹر نصرت علی، اسٹنٹ کمشنر آغا سراج، محکمہ صحت کے افسران، عالمی ادارہ صحت، یونیسف کے نمائندے اور پولیس کے افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :