پیپلز پارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اضافے کیخلاف توجہ دلائو نوٹس قومی اسمبلی سیکر ٹریٹ میں جمع کروا دیا

پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے مقابلے میں پہلے ہی زیادہ ہے، حکومت کی جانب سے قیمتیں بڑھانے سے ملک میں افراط زر میں اضافہ ہوگا ،توجہ دلائو نوٹس

پیر 16 جنوری 2017 19:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اضافے کیخلاف توجہ دلائو نوٹس قومی اسمبلی سیکر ٹریٹ میں جمع کروا دیا۔تفصیلات کے مطابق پیر کو پیپلز پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی سید نوید قمر،عمران ظفر لغاری ، اعجاز حسین جاکھرانی ،سید غلام مصطفی ،شازیہ مری اور شگفتہ جمانی نے حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے اضافے کیخلاف توجہ دلائو نوٹس قومی اسمبلی سیکر ٹریٹ میں جمع کرو ایا۔

(جاری ہے)

توجہ دلائو نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹر ول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں افراط زر میں اضافہ ہوگا اور اس سے پہلے ہی مہنگائی سئے تنگ عوام پر مزید بوجھ پڑے گا،توجہ دلائو نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت عالمی مارکیٹ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے مقابلے میں پہلے ہی زیادہ ہے،عوامی حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا ہے،یہ انتہائی اہمیت کا معاملہ ہے اسلئے فوری طور پر اس پر توجہ دی جائے۔ (رڈ)