لاپتہ افراد کا معاملہ پاکستان کا داخلی معاملہ ہے‘ امریکہ اور برطانیہ کی حکومتوں کو حق نہیں پہنچتا کہ اس معاملے پر بات کریں‘ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی

پیر 16 جنوری 2017 19:34

اسلام آباد ۔16جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کا معاملہ پاکستان کا داخلی معاملہ ہے‘ اس سے ہم خود نمٹیں گے‘ امریکہ اور برطانیہ کی حکومتوں کو حق نہیں پہنچتا کہ اس معاملے پر بات کریں‘ انہیں کشمیر اور فلسطین کی صورتحال نظر نہیں آتی۔

(جاری ہے)

پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران چیئرمین سینٹ نے وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان کے لاپتہ افراد کے معاملے پر اظہار خیال سے قبل ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پچھلے دو دنوں میں امریکی دفتر خارجہ اور یو کے کی طرف سے جو بیانات آئے یہ دونوں نامناسب بیانات تھے۔

یہ پاکستان کا داخلی معاملہ ہے‘ ہم اس سے خود نمٹیں گے۔ ان دونوں حکومتوں کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ افراد کو لاپتہ کرنے کے معاملے پر بات کریں خاص طور پر کشمیر میں لوگوں کو لاپتہ کرنے پر یہ دونوں حکومتیں خاموش ہیں۔ فلسطین میں لوگوں کو مارا جارہا ہے اور یہ دونوں حکومتیں خاموش ہیں۔ ہم کسی غیر ملکی حکومت کو اپنے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہیں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں نظر نہیں آتیں۔