ایبٹ آباد، مسلح نوجوانوں نے اندھادھندفائرنگ کرکے میاں بیوی کوقتل ، شادی شدہ بیٹی کوزخمی کردیا

پیر 16 جنوری 2017 19:30

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2017ء) کھوکھرمیرا میںدومسلح نوجوانوں نے اندھادھندفائرنگ کرکے میاں بیوی کوقتل جبکہ ان کی شادی شدہ بیٹی کوزخمی کردیا۔ اس ضمن میں پولیس ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ کھوکھر میرا محلہ عباسی کا رہائشی رمضان عباسی گاڑی چلاکر اپنی گزربسر کرتاہے۔ چند روز قبل رمضان عباسی نے اپنی جگہ فروخت کرنے کیلئے ایک پراپرٹی ڈیلرسے رابطہ کیاتھا۔

رمضان عباسی کی شادی شدہ بیٹی شانزہ بی بی جوکہ حملہ آوروں کی فائرنگ سے زخمی ہوگئی تھی، نے رپورٹ میں پولیس کو بتایاکہ میں اپنی والدہ یاسمین بی بی کے ہمراہ سوئی ہوئی تھی کہ میرے والد رمضان عباسی نے صبح چھ بجے ہمیں نماز فجر کیلئے جگایا۔ جب ہم اٹھے تو اس وقت میرا والد گھر کے ساتھ ملحقہ کچن میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

جہاں سے وہ گھرسے باہرنکلے تو گھرکے باہر پہلے سے موجود ایک لمبے اور ایک چھوٹے قد کے حامل نوجوان نے ان کو مارنا شروع کردیا۔

والد کے شور شرابے کی آواز سن کر ہم جونہی باہر نکلے تو دونوں نوجوانوں نے میرے والد رمضان کو اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ اورپھر ہمارے گھر میں گھس گئے۔ ان دونوں نے میری والدہ کو بھی گولیاں ماریں اور مجھے بھی تشدد کرکے بالوں سے گھسیٹا اور گولیاں ماریں۔ جس کے بعد دونوں حملہ آور نوجوان فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی فائرنگ سے رمضان اور اس کی بیوی یاسمین بی بی موقع پر ہی مارے گئے۔

جن کی لاشیں آر ایچ سی حویلیاں میں پوسٹمارٹم کرانے کے بعد ورثاء کے حوالے کرد گئیں۔ جبکہ فائرنگ میں زخمی ہونیوالی شانزہ بی بی کو ایوب ٹیچنگ ہسپتال ریفر کردیاگیاہے۔ تھانہ حویلیاں میں دوہرے قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق قتل کی وجوہات اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کردیاگیاہے۔ رمضان عباسی اور ان کی اہلیہ کی نمازجنازہ ہفتہ کی شام کھوکھرمیرا میں ادا کی گئی۔ جس میں مقامی لوگوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :