پاناما لیکس پر نئے شواہد آنے سے پتا چل رہا ہے نواز شریف بچ نہیں سکیں گے، بیرسٹر سلطان

وزیراعظم پاکستان کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہونیوالی ہے، عوام اپنی مرضی سے ایسی حکومت بنائینگے جو ملکی وقار، حقوق کا تحفظ، انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل کریگی، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر

پیر 16 جنوری 2017 18:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ سے پاناما لیکس پر نئے شواہد سامنے آنے سے اب پتا چل رہا ہے کہ نواز شریف نہ آئینی، نہ قانونی،نہ سیاسی، اخلاقی اور نہ ہی انتخابی طور پر بچ سکیں گے اس طرح مجھے اب پاکستان اور آزاد کشمیر میں تبدیلی ہوتی نظر آرہی ہے۔

عوام کو دولت اور ناجائز وسائل سے خریدنے اور انتظامیہ کے بل بوتے پر عوام کا منیڈیٹ چرانے جسکی مثال آزادکشمیرکے حالیہ میںانتخابات موجود ہیں کہ ان انتخابات میں دھاندلی کرکے ن لیگ نے جس طرح مینڈیٹ چوری کرکے اپنا منہ کالاکیا ہے ایسی ہی ہے جیسا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت سنگینوں کے سائے میں الیکشن کراتا ہے۔

(جاری ہے)

بالکل اسی طرح ملتے جلتے آزاد کشمیر میں بھی عوامی مینڈیٹ چرایا گیا۔

لیکن اب نظر آرہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن ہونے والی ہے اور عوام اپنی مرضی سے ایک ایسی حکومت بنائیں گے جو ملکی وقار اور عوام کے حقوق کے تحفظ اور انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اسلام آباد میں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹریٹ میں آزاد کشمیر بھر سے آئے ہوئے مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ایسے لگتا ہے کہ اگلے جہان تو اللہ انصاف کرگا لیکن اس جہان میں بھی نواز شریف جیسے مکروہ عزائم رکھنے والوں کو بھی سزا ملنے والی ہے اور عمران خان جیسے دیانتدار شخص کا بول بالا ہونے والا ہے۔ نواز شریف کو اسکا کوئی حربہ بچا نہیں سکے گا اس طرح اب پاکستان میں اندھیری را ت ختم ہونے والی ہے اور ایک نیا سورج طلوع ہونے والا ہے اور اس کا اثر آزاد کشمیر میں بھی پڑے گا اور یہاں پر بھی دبے ہوئے لوگوں کو انکا حق ملے گا اور اسکے مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

بلکہ آزاد کشمیر کے عوام کی حمایت سے آنے والے حکمران بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر باتیں کر سکے گی اور بھارت کو دفاعی پوزیشن پر ڈال دیں گے۔لہذا پی ٹی آئی کشمیر کے کارکن اب آئندہ آنے والے مرحلے کے لئے اپنے آپکو تیار رکھیں اور موجودہ حکومتیں اب نہیں رہ سکیں گی۔آزاد کشمیر میں تبدیلی اور بہتری لانے کی کوشش کریں۔