عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیںنہتے شہریوں پر ڈھائے جانیوالے انسانیت سوز مظالم کی مانیٹرنگ کیلئے غیرجانبدار کمیشن بھیجے ، سردار مسعود

طلبہ ہماراقومی ،ملکی اثاثہ اورمستقبل ہیں، دنیاکے چیلنجوں کامقابلہ کرنے کیلئے اعلیٰ تعلیم سمیت ان کی صلاحیتوںمیں نکھار پیداکرناہوگا سی پیک منصوبہ کے تحت بھمبرپاکستان کے آٹھویں صنعتی زون میں شامل ہوگیاہے جو کشمیرکی معاشی واقتصادی ترقی اورخوشحالی میں سنگ میل ثابت ہوگا،میرپوریونیورسٹی کانووکیشن سے خطاب

پیر 16 جنوری 2017 18:47

لاپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) صدرآزادجموںوکشمیرسردارمحمدمسعود خان نے کہاہے کہ اقوام متحدہ ، انٹرنیشنل ریڈکریسٹ سوسائٹی اوربین الاقوامی انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیاہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیںنہتے شہریوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کی مانیٹرنگ کے لیے غیرجانبدار کمیشن بھیجے اورمقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بند کروائے۔

مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کے خلاف درج مقدمات اور پیلٹ گن کے استعمال کوبند کروائے۔ طلباء وطالبات ہماراقومی اورملکی اثاثہ اورمستقبل ہیں۔انھیں دنیاکے چیلنجوں کامقابلہ کرنے کے لیے اعلیٰ تعلیم سمیت ان کی صلاحیتوںمیں نکھار پیداکرناہوگا۔ یونیورسٹیاں گڈگورننس کی نرسریاں ہیں۔

(جاری ہے)

آزادکشمیرکوپاک چائینہ اقتصادی راہداری کا حصہ بنادیاگیاہے۔

مانسہرہ مظفرآباداور مظفرآباد میرپورایم تھری روڈ بنائی جائے گی۔ سی پیک منصوبہ کے تحت بھمبرپاکستان کے آٹھویں صنعتی زون میں شامل ہوگیاہے جو کشمیرکی معاشی واقتصادی ترقی اورخوشحالی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ مسٹ یونیورسٹی سمیت آزاد کشمیر کی دیگر یونیورسٹیاںمعیار تعلیم کو انٹرنیشنل معیاراور دورجدیدکے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔

حکومت آزاد کشمیرنے گڈ گورننس کے قیام ، میرٹ کی بحالی اور تعلیمی اہداف کو اپنی ترجیحات میں رکھاہواہے۔صدر آزادکشمیرنے کہاکہ وائس چانسلرمسٹ ڈاکٹرراجہ حبیب الرحمن نے مسٹ یونیورسٹی میں 22 سے زائد مختلف شعبوں میں اعلیٰ پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ کے لیے جو اقدامات اٹھارہے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ اعلیٰ تعلیم کوفروغ دے کرہی ہم مستقبل کے معماروں کوعالمی چیلنجوںکامقابلہ کرنے کے لیے تیار کرسکتے ہیں۔

ہائیڈرل، ٹورازم ، معدنیات سمیت آزادکشمیر قدرتی وسائل سے مالامال ہے ۔نئی نسل کو ان شعبوں میں مہارت دلاناہوگی۔ یونیورسٹی کے ہونہار طلباء وطالبات جنھوں نے نمایاں پوزیشن حاصل کی ہیں وہ ان کے والدین اورفیکلٹی مبارک باد کی مستحق ہے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے میرپوریونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے دوسرے سالانہ کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے وائس چانسلرمسٹ راجہ حبیب الرحمن، رجسٹرارمرزاوارث جرال، پروفیسر ریاض مغل، پروفیسر ڈاکٹرریحانہ اصغر، ڈین پروفیسر محمد سرورخان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پراپوزیشن لیڈر چوہدری محمدیاسین، ممبراسمبلی چوہدری رخسار احمد، سابق امیدواران اسمبلی اعجاز رضا، کرنل (ر)معروف خان، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید نشاط کاظمی ایڈووکیٹ، سابق کمشنر امور منگلاڈیم چوہدری امیرافضل، سابق کمشنرراجہ فضل الرحمن، ڈپٹی کمشنرانصریعقوب، ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم، ایس ای تعمیرات عامہ سردار جاوید اعجاز، سابق ڈی جی شہری دفاع ذوالفقار علی، ڈائریکٹر بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام راجہ کلیم اللہ خان، سابق ایڈمنسٹریٹر راجہ ظفرمعروف، سابق ڈی جی ایم ڈی اے چوہدری جاوید اقبال، مرزاجاوید اقبال، چوہدری منشاء، ماہرین تعلیم ، مسٹ یونیورسٹی کی فیکلٹی ممبران، مختلف شعبہ جات کے چیئرمین، ڈین، مسٹ کے طلباء وطالبات نے شرکت کی۔

قبل ازیں صدرآزادکشمیر جب ہال میں پہنچے تو ان کاوالہانہ استقبال کیاگیا۔ اس موقع پرپاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔ بعد ازاں چانسلریونیورسٹی وصدرآزادکشمیرنے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں گولڈ میڈل اور ڈگریاں تقسیم کیں۔ کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدرآزادکشمیرسردارمحمدمسعود خان نے کہاکہ آزادکشمیر کی یونیورسٹیوں کواپنامعیارتعلیم بلند کرنے کے لیے اہم اقدامات اٹھاناہونگے۔

انھو ں نے کہاکہ دنیاکی ترقی یافتہ اقوام سے مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اپنے نظام تعلیم کو بہتربناناہوگا۔ اس وقت یونیورسٹیوں میں طلباء سے زیادہ طالبات آگے بڑھ رہی ہیں جو ہمارے نوجوانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ انھوں نے کہاکہ پہلے خواتین کے لیے کوٹہ مقررہوتاتھا اور اب ایسا وقت آرہاہے کہ نوجوانوںکے لیے کوٹہ رکھناپڑے گا۔ انھوںنے طلباء وطالبات سے کہاکہ وہ مستقبل کے معمارہیں انھیں اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی معیارکی تعلیم حاصل کرناہوگی تب جاکرہم ترقی یافتہ اقوام کامقابلہ کرسکتے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ پاک چائینہ اقتصادی راہداری سے آزادکشمیر میں معاشی واقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی ۔ پاک چائینہ اقتصادی راہداری کے لیے یونیورسٹیوں کا بڑااہم رول ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل طلباء وطالبات میں تعمیروترقی کے لیے جذبے اورمہارت کو فروغ دیناہوگا۔ انھوں نے کہاکہ سی پیک منصوبے کے تحت بھمبرپاکستان کا آٹھواں انڈسٹری زون ہوگا جس سے مختلف شعبہ جات میں ترقی کے مواقع ملیں گے۔

انھوں نے کہاکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے آزاد کشمیر کی معاشی اور اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں شامل ہوکرملک اور قوم کی خدمت کافریضہ سرانجام دیں۔ صدر آزاد کشمیرنے کہاکہ اس وقت مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی قابض افواج سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہی ہے۔ نوجوانوں کو پابند سلاسل کیاجارہاہے اور انھیں پیلٹ گن کے ذریعے بصارت سے محروم کیاجارہاہے۔

بھارت کی ان ظالمانہ اورسنگین خلاف ورزیوں کوبین الاقوامی دنیاکے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے ذرائع ابلاغ کے تمام ذرائع کو استعمال کرناہوگا۔ انھوں نے کہاکہ یونیورسٹیوں کے طلباء وطالبات سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی مظالم کو دنیاکے سامنے بے نقاب کریں۔ صدر آزاد کشمیر وچانسلر میرپورسائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی سردارمحمدمسعود خان نے تحریک آزادی کشمیراور کشمیری عوا م کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے عمربھرقیدوبند کی صوبتیں برداشت کرنے والے چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں وکشمیر تحریک حریت کے چیئرمین سید علی گیلانی کومسٹ کی طرف سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری عطا کی گئی ہے جو دونوں اطراف کے عوام اور یونیورسٹی کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

انھوں نے کہاکہ چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے یہ ڈگری کانوکیشن میں وصول کرنی تھی لیکن بھارتی حکومت کی طرف سے ان کے پاسپورٹ اور سفری دستاویز کے ضبط ہونے کے باعث انھیں یہ اعزازی ڈگری ان کے نامزد کردہ نمائندہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے کنوینئرسید غلام محمدصفی کے ذریعے انھیں دی گئی ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر مسٹ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرحبیب الرحمن نے یونیورسٹی کی نصابی اورہم نصابی سرگرمیوں پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ہائیرایجوکیشن کمیشن پاکستان کی طرف سے مقرر کردہ معیار کے مطابق مسٹ یونیورسٹی اعلیٰ ترین ڈبلیوکیٹگری حاصل کرچکی ہے ۔

اس سلسلہ میں ایچ ای سی کے مقررہ کردہ قواعد وضوابط یونیورسٹی میں اعلیٰ ترین فیکلٹی، درس وتدریس کے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ حکومتی ہدایات کے مطابق یونیورسٹی کامعیار تعلیم میں مزید اضافہ ہو۔ انھو ں نے کہاکہ آج کے کانوکیشن میں انجینئرنگ سائنس ، آرٹس، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر اٹھائیس شعبوں کے 1625 سے زائد پوسٹ گریجویٹ اور گریجویٹ طلباء وطالبات میں ڈگریاں تقسیم کی جارہی ہیں جبکہ 50 سے زائد طلباء وطالبات میں گولڈ میڈل تقسیم کیے گئے ہیں۔ جو یونیورسٹی کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

متعلقہ عنوان :