پی ٹی آئی کی22جنوری کے قصور کے جلسہ عام کیلئے اہم مشاورتی اجلاس وفیصلوں کی منظوری

لاہور رورل چیپٹر بھی قصور کے جلسے میں بھرپور شرکت کرے گا‘عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس

پیر 16 جنوری 2017 18:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) تحریک انصاف نے قصور کی22جنوری کے جلسہ عام کیلئے اہم مشاورتی اجلاس میں ضروری فیصلوں کی منظوری دے دی ۔ عبدالعلیم خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلوں کی منظوری دی گئی جس کے تحت پی ٹی آئی لاہور رورل چیپٹر بھی اس جلسے میں بھرپور شرکت کرے گا جبکہ پارٹی کے تمام ذیلی شعبوں کو جلسے کی بھرپور تیاری کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اجلاس میں عبدالعلیم خان نے ضلع قصور کی آرگنائزنگ کمیٹی سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ان کی تجاویز کی روشنی میں 22جنوری کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کے خطاب کے پیش نظر لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت کیلئے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور پنڈال اور سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے گی ضلع قصور کی آرگنائزنگ کے کنوینر ندیم ہارون نے اب تک کے انتظامات پر بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی لاہور رورل کے صدر ظہیر عباس کھوکھر اور جنرل سیکرٹری اعجاز ڈیال نے بھی اجلاس منعقد کیا جس میں لاہور رورل کی تمام تنظیموں کی طرف سے قصور کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوا عمران ٹائیگر فورس اور شعبہ خواتین کی طرف سے بھی اس جلسے میں شرکت کیلئے غور و خوض کیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت کا ناکامیوں کا سفر جاری ہے جس سے عام آدمی کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کا پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ بلا جواز ہے جس سے مہنگائی کی نئی لہر اٹھے گی ان حالات میں حکومت کے خلاف رائے عامہ ہموار کرنا اپوزیشن جماعتوں کا فرض ہے جس کیلئے عمران خان تن تنہا میدان عمل میں ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ انشاء اللہ 22جنوری کا قصور کا جلسہ نئی سیاسی تاریخ رقم کرے گا جو پارٹی کارکنوں کو بھی مزید متحرک کرنے کا باعث ہو گا اس موقع پر ایم پی اے شعیب صدیقی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :