شعور اورآگہی کے ذریعے معاشرے میں پائی جانے والی متعدد بیماریوں پر قابو پانا ممکن ہے، ڈاکٹر حفیظ اللہ

پیر 16 جنوری 2017 18:41

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد حفیظ اللہ نے کہاہے کہ شعور اورآگہی کے ذریعے معاشرے میں پائی جانے والی متعدد بیماریوں پرقابو پانا ممکن ہے۔ اس ضمن میں طلباء وطالبات اور اساتذہ کلیدی کردار اداکرسکتے ہیں۔ وہ کے ایم یو کے زیر اہتمام پشاور کے مختلف سکولوں میں صحت وصفائی سے متعلق ہائر ایجوکیشن کمیشن اور کے ایم یو کے مشترکہ پراجیکٹ کی تکمیل کی احتتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹرمحمد سلیم گنڈا پور،ڈائریکٹر اکیڈیمکس پروفیسر ڈاکٹرمحمد الیاس سعیدی، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ضیاء الحق اور مذکورہ پراجیکٹ کے منیجر ڈاکٹر یاسر یوسفزئی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پروفیسر حفیظ اللہ نے کہا کہ میڈیکل یونیورسٹی ہونے کے ناطے کے ایم یو پر دوہرے ذمہ داری عائد ہوتی ہے ایک طرف ہم صحت کے مختلف شعبوں میں معیاری تعلیم وتحقیق کو فروغ دے رہے ہیں اوردوسری جانب معاشرے میں بڑھتے ہوئے امراض کے سد باب اورروک تھام کے لئے بھی کے ایم یو اپنے فرائض کی ادائیگی کے لئے کوشاں ہے۔

انہوںنے کہاکہ آدھے سے زیادہ امراض سے بچائو بعض ضروری حفاظتی تدابیر اختیار کرکے ممکن بنایا جاسکتاہے جس کے لئے ہمیں معاشرے میں شعور اورآگہی پیداکرناہوگی۔ انہوںنے کے ایم یو آئی بی ایم ایس کی فیکلٹی کی جانب سے پشاو رکے سکولوں میں صحت وصفائی سے متعلق پراجیکٹ کی تکمیل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اس سلسلے کو مزید اداروں تک بھی توسیع دی جائے گی۔تقریب کے آخرمیں ڈاکٹریاسر یوسفزئی نے پراجیکٹ کی رپورٹ وائس چانسلر کو پیش کی جبکہ وائس چانسلر نے پراجیکٹ کے شرکاء میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :