وزیراعظم محمد نواز شریف عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کیلئے سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے

وزیراعظم محمد نواز شریف ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے چیئرمین پروفیسر کلاز شواب، سویڈن، ناروے اور سری لنکا کے وزراء اعظم، ہالینڈ کی ملکہ میکسیما،اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل انٹو نیو گیوٹریس اور صدر سوئٹزرلینڈ ڈورس لیتھرڈ سے بھی ملاقات کریں گے وزیراعظمً 60 سرکردہ کاروباری رہنمائوں کے گروپ سے خطاب، چیدہ چیدہ تاجر رہنمائوں کے ایک گروپ کے ساتھ گول میز کانفرنس میں شریک ہونگے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں وزیراعظم کی شرکت سے پاکستان میں کاروباری، سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے میں مدد ملے گی

پیر 16 جنوری 2017 18:34

زیورخ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) ۔ 16 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف عالمی اقتصادی فورم کے 47 ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے پیر کو یہاں پہنچ گئے۔ بیگم کلثوم نواز اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ زیورخ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جنیوا میں اقوام متحدہ مشن میں خصوصی نمائندہ اور سفیر تہمینہ جنجوعہ اور سینئر سوئس حکام نے ان کا خیرمقدم کیا۔

وسیع تر سماجی ہم آہنگی اور انسانی ترقی کے فروغ کے مقصد کے حامل عالمی اقتصادی فورم 17 سے 20 جنوری تک ڈیووس میں ہو گا۔ وزیراعظم عالمی اقتصادی فورم کے ایگزیکٹو چیئرمین پروفیسر کلاز شواب کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں۔ وزیراعظم اس موقع پر پاکستان کی اقتصادی کامیابیوں اور مثالی کاروباری و سرمایہ کاری مواقع کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کریں گے۔

(جاری ہے)

اس سال اجلاس کا موضوع ’’مؤثر اور ذمہ دار قیادت‘‘ ہے جس میں 2017ء کے دوران قیادت کے اہم چیلنجز پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ 47 ویں اجلاس میں حکومت، کاروباری اور سول سوسائٹی سے تقریباً تین ہزار رہنما جمع ہوں گے۔ شرکاء میں ایک تہائی یورپ، شمالی امریکہ سے باہر جبکہ ایک تہائی کاروباری اور حکومت کے علاوہ معاشرہ کی نمائندہ شخصیات ہوں گی۔

وزیراعظم محمد نواز شریف ڈیووس میں متعدد سربراہان مملکت و حکومت اور تاجر رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وہ ورلڈ اکنامک فورم کے چیئرمین پروفیسر کلاز شواب سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کی سویڈن، ناروے اور سری لنکا کے وزراء اعظم کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ ہالینڈ کی ملکہ میکسیما کے ساتھ ملاقات بھی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم ڈیووس میں اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل انٹو نیو گیوٹریس اور صدر سوئٹزرلینڈ ڈورس لیتھرڈ سے بھی ملاقات کریں گے۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق وزیراعظم ’’پاکستان میںسرمایہ کاری: نئی حقیقت‘‘ کے موضوع پر تقریباً 60 سرکردہ کاروباری رہنمائوں کے ایک بڑے گروپ سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف ایک گول میز کانفرنس میں شریک ہوںگے جس میں وہ چیدہ چیدہ تاجر رہنمائوں کے ایک گروپ کے ساتھ پاکستان میں رونما ہونے والی اقتصادی تبدیلیوں اور ملک میں سرمایہ کاری اور اقتصادی مواقع کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔

عالمی اقتصادی فورم کا سالانہ اجلاس عالمی معیشت اور سیاسی مسائل پر باہمی مذاکرات کا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ وزیراعظم ڈیووس میں اس ضمن میں اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔ عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں وزیراعظم محمد نواز شریف کی شرکت سے پاکستان میں کاروباری، سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

سالانہ اجلاس 2017ء کا افتتاح چین کے صدر شی جن پنگ کریں گے جن کے ہمراہ چینی عہدیداران کا ایک بڑا وفد بھی ہو گا۔ سالانہ اجلاس کے پروگرام کی 400 نشستوں میں سے نصف سے زائد وسیع تر سماجی ہم آہنگی اور انسانی ترقی کے فروغ کیلئے حکمت ہائے عملی پر مرکوز ہوں گی۔ ایک ہزار سے زائد کمپنیوں کے سی ای اوز اس فورم میں شریک ہوں گے۔ پاکستان سے وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات انوشہ رحمن اور وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ بھی اس فورم میں اظہار خیال کریں گی۔

دنیا میں وزارتی وفود کے اس نہایت جامع اجلاس میں 70 سے زائد ممالک کی شرکت کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل اور کئی کلیدی بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان شریک ہوں گے۔ اس فورم کی پورے سال کی سرگرمیوں میں ایسے منصوبوں اور اقدامات کو فروغ دیا جاتا ہے جس سے اقوام متحدہ پائیدار ترقیاتی اہداف میں معاونت ملتی ہے۔