لاہور ہائیکورٹ، ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی میرٹ کے برعکس تعیناتی، ہوم سیکرٹری پنجاب سے جواب طلب

پیر 16 جنوری 2017 18:33

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن بیورو فاطمہ شیخ کی میرٹ کے برعکس تعیناتی پر ہوم سیکرٹری پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب لیا، لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصورشاہ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار شیراز ذکاء ایڈووکیٹ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو انفرمیشن گروپ سے تعلق رکھنے اور ڈی ایم جی گروپ سے نہ ہونے کے باوجود غیر قانونی طور پر تعینات کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوانین کے تحت ڈی ایم جی گروپ سے تعلق رکھنے والے افسر کو ہی ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن بیورو تعینات کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے استدعا کی ناتجربہ کار اور اہلیت کے معیا پر پورا نہ اترنے کے سبب ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن بیورو فاطمہ شیخ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جائے،جس پر عدالت نے ہوم سیکرٹری پنجاب کو تیس جنوری کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔