لاہور ہائیکورٹ نے میئر کرنل (ر) مبشرجاوید کو نااہل قرار دینے کی درخواست نمٹا دی

پیر 16 جنوری 2017 18:33

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کے نو منتخب میئر کرنل ریٹائرڈ مبشرجاوید کو نااہل قرار دینے کیلئے دائر درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزارمیاں شکیل نے موقف اختیار کیا کہ کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید چیف وارڈن سول ڈیفنس کے سرکاری عہدے پر براجمان ہیں جبکہ کرنل ریٹائرڈ مبشر جاویدنے متروکہ وقف املاک بورڈ کی قائم یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کا عہدہ بھی سنبھال رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت سرکاری ملازم دو سال تک عوامی عہدہ نہیں رکھ سکتا۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ کرنل (ر )مبشر جاوید کو نااہل قرار دیا جائے۔الیکشن کمیشن کے وکیل حافظ سلیم نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فورم موجود ہونے کے باوجود درخواست گزار نے براہ راست عدالت سے رجوع کیا جو کہ قانون کے منافی ہے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل انوار حسین نے کہا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں لہذا درواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کیا جائے۔ جس پرعدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدا یت کر دی۔

متعلقہ عنوان :