بھارت مسئلہ کشمیر اور آپریشن ضرب عضب میں پاکستان کی کامیابیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے‘ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا ایوان بالا میں اظہار خیال

پیر 16 جنوری 2017 18:12

اسلام آباد ۔16جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر ‘ آپریشن ضرب عضب میں پاکستان کی کامیابیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا اور اپنی سیاسی ضرورتوں کے تحت کشیدگی برقرار رکھنا چاہتا ہے‘ اسی لئے کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر فائرنگ اور سرجیکل سٹرائیک کے ڈرامے رچا رہا ہے‘ سرجیکل سٹرائیک کی اگر واقعی کوئی کوشش کی تو ایسا جواب دیں گے کہ وہ جعلی سرجیکل سٹرائیک کی بات کرنا بھی بھول جائے گا۔

پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سینیٹر سحر کامران کی طرف سے کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر بھارت کی طرف سے کی جانے والی خلاف ورزیوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے کہا کہ ارکان نے جن خیالات کا اظہار کیا ہے حکومت کے بھی یہی خیالات ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت نے تیس نومبر 2016ء تک 325 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کی ہیں ان میں سے 290 کنٹرول لائن پر کی ہیں۔

باقی ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فائرنگ سے 45 سویلین شہید اور 138 زخمی ہوئے۔ بھارت نے کشمیر میں جاری تحریک سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے یہ کیا ہے۔ بھارت چاہتا ہے کہ کشمیر میں جاری تحریک کا پاکستان سے تعلق جوڑا جائے‘ کشمیر میں جاری تحریک کشمیریوں کی اپنی تحریک ہے۔ ہم اس کی سفارتی‘ اخلاقی‘ سیاسی حمایت کرتے ہیں۔ کشمیری نوجوانوں کی تحریک اپنی منزل کو پہنچے گی۔

1989ء میں بھی بھارت نے پاکستان پر الزام لگایا لیکن عالمی برادری اور نہ ہی بھارتی عوام اب بھارت کے جھانسے میں آئیں گے۔ بھارت پاکستان کے ساتھ جامع مذاکرات نہیں چاہتا۔ اپنے اندرونی حالات اور سیاسی ضرورتوں کے تحت وہ کشیدگی رکھنا چاہتا ہے۔ وہاں دو ریاستوں میں انتخابات ہو رہے ہیں۔ موجودہ بھارتی حکومت کی پالیسیاں ان کی عوام میں غیر مقبول ہیں۔

اپنی عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے ڈرامے کرتے رہتے ہیں۔ گولہ باری‘ فائرنگ کے واقعات اور سرجیکل سٹرائیک بھی اسی طرح کا ڈرامہ تھا۔ ہماری افواج بھارتی جارحیت کا پورا پورا جواب دیتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے جس طرح دہشتگردی کا خاتمہ کیا ہے اس کو عالمی برادری بھی سراہتی ہے۔ 16/16 ممالک کی افواج دہشتگردی کے خلاف ڈیڑھ دہائی سے افغانستان میں جنگ لڑ رہی ہیں لیکن وہاں صورتحال بہتر نہیں ہو سکی۔

اب وہاں طالبان کے ساتھ داعش بھی زور پکڑ رہی ہے۔ پاکستانی افواج نے دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کو ختم کردیا ہے۔ یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ بھارت دنیا کی توجہ اس سے ہٹانا چاہتا ہے۔ بھارت کی طرف سے مشرقی سرحدوں پر جارحیت کے باوجود ضرب عضب میں ہم نے کہیں بھی جھول نہیں آنے دی۔ بھارتی جارحیت اور گولہ باری میں کمی ہوئی ہے۔ ہم نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ہے۔

وزارت خارجہ نے بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور فائرنگ کا معاملہ ہر سطح پر اٹھایا ہے۔ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو بھی آگاہ کیا ہے اور وہ اس صورتحال کو دیکھ رہے ہیں۔ بھارت نے پہلے بھی جعلی سرجیکل سرائیک کا ڈرامہ اپنی عوام کو بے وقوف بنانے کے لئے کیا تھا اگر وہ دوبارہ کوئی ڈرامہ رچانا چاہتے ہیں ضرور رچائیں لیکن اگر واقعی ایسی کوئی کوشش کی تو ایسا جواب دیں گے کہ جعلی سرجیکل سٹرائیک بھارت کرنا بھی بھول جائے گا۔ یہ ایوان چاہے تو ان کیمرہ بریفنگ بھی دینے کو تیار ہوں۔