سندھ کے حکمرانوں نے شہر میں صفائی کرنے کے بجائے خزانے پر جھاڑو لگا کر صفایا کر دیا ہے ، انور گجر

پیر 16 جنوری 2017 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ( اطلاعات ) محمد انور گجر ، کراچی ڈویژن کے کوآرڈینیٹر رزاق باجوہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سندھ حکومت کی نااہلی و ناکامی کی وجہ سے چند گھنٹوں کی بوندا باندی نے تین دن سے پورے شہر کا نظام درہم برہم اور مفلوج کرکے رکھ دیا ہے ۔ پورا شہر گندگی کا ڈھیر اور تالاب کی صورت اختیار کرکے حکمرانوں کی بے بسی کا منظر پیش کر رہا ہے اور جگہ جگہ گڈر بھی ابل رہے ہیں ۔

ٹوٹی پھوٹی سڑکیں سندھ حکومت کے ترقیاتی کاموں اور کھوکھلے نعروں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور میئر کراچی وسیم اختر نے صرف گذشتہ روز نمائشی دورے کرکے میڈیا کو مطمئن اور عوام کو بے وقوف بنا کر صرف فوٹو سیشن کرانے کے لیے صرف اپنے محلوں سے باہر نکلے تھے ۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت نے سندھ کی صفائی ستھرائی کرنے کے بجائے عوامی خزانے پر جھاڑو لگا کر خزانے کا صفایا کر دیا ہے ۔

حالانکہ ہر سال اربو کھربوں روپے صفائی ستھرائی ، صحت و تعلیم اور دیگر ترقیاتی کاموں کا بجٹ صرف میڈیا پر شو کرکے زرداری کے دبئی اور لندن کے اکاؤنٹس میں منتقل کر دیئے جاتے ہیں اور بچا کچا پی پی کے وزیروں ، مشیروں ، اسمبلی ممبروں اور جیالوں کی نظر ہو کر ہڑپ ہو جاتا ہے ۔ عوام کو روٹی ، کپڑا اور مکان دینے کے دعوے داروں نے صرف اپنے لیے ہی روٹی ، کپڑا اور محل کھڑے کرکے عوام کو بھوکا ، ننگا اور بے سہارا کرکے خود کشیاں کرنے پر مجبور کر دیا ہے ۔

تھر میں معصوم غریب بے سہارا لوگ آج بھی غربت کی وجہ سے بھوک اور فاقہ کشی کی وجہ سے ہلاک ہو رہے ہیں لیکن حکمران ٹولہ غریب عوام کے پیسوں سے عیش و آرام کی زندگی ٹھاٹ باٹ طریقے عیاشیاں کرکے گزار رہے ہیں ۔ انور گجر رزاق باجوہ نے مزید کہا کہ سندھ کی تباہی و بربادی کے اصل ذمہ دار ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی ہے ، جنہوں نے 30 سالوں سے سندھ میں حکومت کرکے یہاں پر اپنی اجارہ داری اور بادشاہت قائم کی ہوئی ہے ۔

ایم کیو ایم نے مہاجروں کے ساتھ ظلم و زیادتی کا رونا رو کر اردو بولنے والے بھائیوں کے گھروں میں نوجوانوں کی لاشوں کے تحفے بھجوائے اور زرداری ٹولے نے بھٹو کے نام پر سیاست کرکے چن چن کر بھٹو خاندان کے افراد کو خون میں نہلا کر اقتدار حاصل کیا ۔ شہیدوں کے خون سے غداری اور سندھ کے عوام کو دھوکا دے کر دو وقت کی روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے ۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے اپنے دور حکومتوں میں سندھ کے عوام کو صرف مہنگائی ، بے روزگار ی ، بدامنی ، لوٹ مار ، کرپشن ، ہنگامہ آرائی اور لاشوں کے ہی تحفے دیئے ہیں ، جس کی وجہ سے سندھ کے عوام ان سے بے زار اور نجات کا راستہ ڈھونڈ رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :