حکمرانوں کی ساری توجہ عوام کوریلیف فراہم کرنے کی بجائے سڑکوں کی توڑ پھوڑ پرمرکوزہے‘ میاں مقصود احمد

ملک میں گڈ گورننس کی بجائے بیڈ گورننس کا راج ہے، حکمرانوں کی پالیسیاں کسی عذاب سے کم نہیں‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

پیر 16 جنوری 2017 17:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2روپے فی لیٹرتک اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ حکمرانوں کے اس قسم کے فیصلوں سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگا،آئے روزاوگراکی جانب سے پٹرلیم مصنوعات میںاضافے کی سمری وزیر اعظم کو بھجواناظالمانہ اقدام ہے،لوگوں کی زندگی پہلے ہی مسائل کی وجہ سے اجیرن ہوچکی ہے،جماعت اسلامی پٹرولیم مصنوعات کی میں اضافے کی بھرپورمذمت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ پٹرولیم کے نرخوں کوفی الفور واپس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی ناکام پالیسیاں کسی عذاب سے کم نہیں۔پاکستان کو حکمرانوں نے عملاً مسائلستان بنادیا ہے۔

(جاری ہے)

ملک میں مہنگائی دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔رہی سہی کسر بجلی اورگیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے پوری کردی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ درحقیقت عوام پر مہنگائی کابم گرانے کے مترادف ہے۔

اگر حکمران عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتے تو ان کوعوام کے دکھوں میں اضافہ کرنے کابھی کوئی حق حاصل نہیں ہے۔میاں مقصود احمد نے کہاکہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت قوم کو مسائل سے نجات دلانے کاوعدہ کرکے برسراقتدار آئی مگر افسوس ناک امر یہ ہے کہ عوام کو ابھی تک کوئی ریلیف نہیں مل سکا۔موجودہ حکمرانوں کے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں عوام الناس کومایوسی اور کرپشن کے سواکچھ نہیں ملا۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں گڈ گورننس توہے ہی نہیں البتہ بیڈ گورننس کا راج ہے۔حکمرانوں کی ساری ترجیح عوامی فلاحی منصوبوں کی بجائے سڑکوں کی توڑ پھوڑ پر مرکوز ہوچکی ہے اور اس مقصد کے لیے پورے صوبے کے ترقیاتی فنڈزصرف ایک شہر پر لگادیئے گئے ہیں۔عوام کو نہ تعلیم کی بنیادی سہولیات میسر ہیں اور نہ صحت کے مسائل کوحل کیاگیا۔ملک کی40فیصد سے زائدآبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران ایسی پالیسیاں مرتب کریں جن سے حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف میسرآئے۔

متعلقہ عنوان :