وزیر اعظم سے متعلق بی بی سی کی سٹوری حقائق کے منافی اورعدالیہ کو ڈسٹرب کرنیکی کوشش کی گئی ہے‘پرویز ملک،عمران نذیر

ن) لیگ نے سیاست میںجمہوری اقدار اور شفافیت کے مثالی کلچر کو فروغ جبکہ مخالفین نے پرا گندا کرنے کی کوشش کی ‘ رہنمائوں ، کارکنوں سے گفتگو

پیر 16 جنوری 2017 17:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر محمد پرویز ملک جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہاہے کہ بی بی سی کی سٹوری میں پاکستان کے وزیر اعظم کے متعلق حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے اور ایک ایسے وقت میں جب معاملہ کورٹ میں زیر بحث ہو،عدالت کو ڈسٹرب کرنے کی کوشش کی گئی ہے، ہماری حکومت توانائی کے بحران اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے،مسلم لیگ (ن) نے سیاست میں رواداری اور جمہوری اقدار اور شفافیت کے مثالی کلچر کو فروغ دیا ہے جبکہ مخالفین نے سیاست کوپرا گندا کرنے کی کوشش کی ہے،2013ء کے مقابلے میں آج کا پاکستان پہلے سے زیادہ محفوظ پر امن اور معاشی طور پر مستحکم اور مضبوط معیشت ہے۔

گذشتہ روز پارٹی دفتر میں رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسید توصیف شاہ،عامر خان،چوہدری عبدالمجید چن نمبردارسمیت دیگر بھی موجود تھے۔رہنماؤں نے کہا کہ ہماری حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ عوام کے میعار زندگی کو بلند کرنے اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے پروگراموں پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ سچی اور کھری سیاسی نے جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست کو ہر موقع پر شکست دی ہے،اور قوم کو تقسیم کرنے والے شکست خوردہ عناصر خود تقسیم ہو گئے ہیں عوام جانتے ہیں کہ انتشار اور افراتفری کی سیاسی کون کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ منفی سیاست کرنے اور ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کو پے در پے شکستوں سے سبق حاصل کرنا چاہیے،الزام تراشی کی سیاست کی خدمت اور شفافیت کے سامنے کوئی حیثیت نہیں۔