صوبائی وزیر زراعت کی زیر صدارت پنجاب سیڈ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کااجلاس

اکائونٹس اسسٹنٹ کی گریڈ 14سے 16میں اپ گریڈیشن ،پی ایس ‘پی اے الائونس سیکرٹریٹ کے مطابق کرنے کی منظوری ورک مین کو ریگولر کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ،پنجاب سیڈ کارپوریشن زرعی شعبہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ‘ آصف بھابھہ کی گفتگو

پیر 16 جنوری 2017 17:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) پنجاب سیڈ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 108واں اجلاس وزیر زراعت پنجاب نعیم اختر بھابھہ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت محمد محمود، ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر ناصر سلیم، ڈائریکٹر فنانس طارق محمود، ڈائریکٹر ایڈ من اسلم منصور اور دیگر نے شرکت کی ۔ قبل ازیں سیکرٹری زراعت /مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن نے 108ویں بورڈ میٹنگ کا ایجنڈا پیش کیا اور صوبائی وزیر زراعت کو بریفنگ دی ۔

اجلاس میں وزیر زراعت نعیم اختر بھابھہ نے پنجاب سیڈ کارپوریشن کی مجموعی کارکردگی کو سراہا ۔اجلاس میں اکائونٹس اسسٹنٹ کی گریڈ 14سے گریڈ 16میں اپ گریڈیشن اور پرائیویٹ سیکرٹری اور پرسنل اسسٹنٹ الائونس سیکرٹریٹ کے مطابق کرنے کی منظوری دیدی گئی جبکہ 276ورک مین کو ریگولر کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی سفارشات کی روشنی میں ورک مین ریگولر کرنے کی منظوری دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر زراعت آصف بھابھہ نے کہا کہ سیڈ کارپوریشن کے ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق کسانوں کو یونین کونسل کی سطح پر بیج فراہم کیا جائے اور مارکیٹنگ و پروسیسنگ کے شعبہ کو مزید فعال بنایا جائے ۔ وزیر زراعت نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن زرعی شعبہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس ادارہ کی ترقی نا گزیر ہے ۔ جب کاشتکار اعتماد کے ساتھ پنجاب سیڈ کارپوریشن کا بیج خریدتا ہے تو اس سے یقینا پنجاب حکومت کی نیک نامی ہوتی ہے ۔ سیکرٹری زراعت محمد محمود کا کہنا تھاکہ زرعی شعبہ کی بہتری کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اور اس سے ہی زرعی شعبہ کی ترقی ممکن ہے ۔

متعلقہ عنوان :