بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے، میونسپل کمشنر بلدیہ غربی

پیر 16 جنوری 2017 17:24

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) میونسپل کمشنر بلدیہ غربی اشفاق احمد ملاح نے کہا ہے کہ بلدیہ غربی میں رہائش پذیر عوام کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کے مرتکب افسران و عملہ کو سخت دفتری کاروائی کا سامنا کرنا ہو گا، افسران و عملہ اپنی کارکردگی کو بہترین انداز میں پیش کریں۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سائٹ، کیماڑی، اورنگی اور بلدیہ زون کے افسران کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیہ غربی میں صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے کے ساتھ جراثیم کش ادویات کے اسپرے کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے گا، بلدیہ غربی میں موجود سڑکوں، گلیوں کے اطراف موجود کاموں کی تکمیل کو ممکن بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ورکشاپ کے افسران اور ٹیکنیکل اسٹا ف گاڑیوں اور دیگر پرزہ جات کی مرمت کا کام بروقت کریں، کچرا گاڑیوں، مشینری کی سروس اور گاڑیوں میں معیاری فیول اور پرزہ جات استعمال کریں۔ اجلاس میں موجود افسران نے شعبہ جاتی رپورٹ بھی پیش کی۔

متعلقہ عنوان :