علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی 13 لاکھ سے زائد طلبہ کو بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے سٹاف کی ’’پروفیشنل ڈویلپمنٹ‘‘ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،ڈاکٹر شاہد صدیقی

پیر 16 جنوری 2017 16:44

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ملک بھر میں موجود اپنے 13 لاکھ سے زائد طلباء و طالبات کو بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سٹاف کی ’’پروفیشنل ڈویلپمنٹ‘‘ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اورگذشتہ دو سال کے دوران یونیورسٹی کے 900 اکیڈمک ممبرز اور کارکن قومی و عالمی سطح پر منعقدہ پروفیشنل ڈیولپمنٹ کی تربیتی ورکشاپس اور سیمینارز سے مستفید ہوچکے ہیں اور اب تک 100 ملازمین کو پیشہ وارانہ تربیتی پروگرامز میں شرکت کیلئے بیرون ملک بھیج چکے ہیں تاکہ ان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو اور یونیورسٹی کے ملک گیر تعلیمی نیٹ ورک میں متحرک اور مفید کردار ادا کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشنل ٹیکنالوجی)آئی ای ٹی(کے زیر اہتمام ٹی وی/ریڈیو پروگرامز کی تیاری کی تربیت کے لئے پانچ روزہ سکرپٹ رائٹنگ ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طلبہ کو بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کارکنوں کی پروفیشنل ڈویلپمنٹ نہایت ضروری ہے۔

اس سلسلہ میں مختلف نوعیت کی تربیتی ورکشاپس منعقدکی جا رہی ہیں تاکہ یونیورسٹی کے سٹوڈنٹ سپورٹ سسٹم کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے مزید کہا کہ یونیورسٹی اپنے تعلیمی پروگرامز کو اپ ڈیٹ کرنے اور معیاری بنانے کیلئے سکرپٹ رائٹنگ تکنیک کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ جو ادارے اور اقوام زمانے کی رفتار سے پیچھے رہ جاتے ہیں وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتے ہیں۔

انہوں نے یونیورسٹی کے شعبہ آئی ای ٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ میرٹک سے پی ایچ ڈی تک ترسیل علم کے امور میں آئی ای ٹی کا موثر کردار رہا ہے۔ انہوں نے فیکلٹی ممبرز کی تربیت کیلئے ریڈیو/ٹی وی پروگرامز کی سکرپٹ رائٹنگ کی تربیتی سیریز منعقد کرانے پر ڈائریکٹر آئی ای ٹی میر مختار حسین تالپورکی خدمات کو سراہا۔میر مختار حسین تالپور نے تربیتی ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ورکشاپ سکرپٹ رائٹنگ کی تیاری کے لئے رول ماڈل ثابت ہوگی اور اس میں شریک ہر کارکن کے لئے ریڈیو یا ٹی وی کا کم از کم ایک سکرپٹ لکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ای ٹی نے یونیورسٹی کی چاروں فیکلٹیوں میں موجود تمام اساتذہ کی تربیت کے لئے ریڈیو /ٹی وی پروگرامز کی تیاری کیلئے سکرپٹ رائٹنگ کی تربیتی ورکشاپس منعقد کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ای ٹی نے ریڈیو اور ٹی وی کے سینکڑوں تعلیمی پروگرامز تیار کئے ہیں جس کی بناء پر ہم کہہ سکتے ہیں کہ آئی ای ٹی کورس پروڈکشن میں خودکفیل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی ای ٹی کلاسک دستاویزی فلمیں بھی تیار کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :