نارویجن اور پاکستانی چرچ خطہ میں قیام امن کیلئے اہم کردار اداکر سکتے ہیں‘خلیل طاہر سندھو

ناروے کی حکومت نے پاکستان کو قدرتی آفات میں ہر ممکن امداد اور فلاحی منصوبوں میں بھرپور تعاون فراہم کیا ہے

پیر 16 جنوری 2017 14:53

نارویجن اور پاکستانی چرچ خطہ میں قیام امن کیلئے اہم کردار اداکر سکتے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) صوبائی وزیر اقلیتی امو ر و انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے کہاہے کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان بہترین دوستانہ ، ثقافتی و معاشی روابط ہیں، نارویجن اورپاکستانی چرچ خطہ میںبین المذاہب آہنگی،رواداری اور برداشت کے رویوں کو فروغ دے کرقیام امن کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ناروے کی حکومت نے قدرتی آفات میں پاکستانی عوام کی ہر ممکن امداد کے علاوہ ذرائع مواصلات،تعلیم،صحت،دوردراز اور دشوار گذار پہاڑی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر فلاحی منصوبوں میں بھرپور تعاون فراہم کیا ہے ۔

انہوں نے یہ بات آرچ بشپ آف ناروے ہیلگا ہاگلینڈبیفگلین اور ان کے وفد کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

صوبائی اقلیتی ارکان اسمبلی طارق مسیح گل،شہزاد منشی،سردار رمیش سنگھ اروڑا،کانجی رام،ممتاز مسلم علماء کرام علامہ طاہر اشرفی،علامہ مشتاق حسین جعفری، مولانا زبیر عابد، علامہ شکیل الرحمن،ناروے کے مرکزی چرچ کے بشپ آرنے ساویراس، بشپ بیرٹ،فادر کینن کرسٹوفر ایڈگر،فادر سلیم کھوکھر،ماڈریٹر منو،اینتھونی اعجاز اور مسیحی رہنمائوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ سری لنکا سمیت دنیا بھر میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور قیام امن کے حوالے سے ناروے کی حکومت اور چرچ کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے میںبھی نارویجن چرچ شاندار خدمات سرانجام دے رہا ہے۔آرچ بشپ آف ناروے ہیلگا ہاگلینڈنے کہا کہ علاقائی سطح پر انتہا پسندی اور مذہبی منافرت کے خاتمے کے پیش نظر اجتماعی مذہبی و معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی اور بہتری لانے کے لئے دونوں ممالک کے عالم دین کو مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ناروے میں اکشریتی آبادی کا مذہب عیسائیت ہے تاہم پاکستانیوں سمیت تمام اقلیتیں پوری آزادی کے ساتھ ہر شعبہ میں اپنی بھر پور صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے قیام سمیت پاکستان اور ناروے کے درمیان تمام شعبوں میں جاری تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔وزیر اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے شرکا کو بتایا کہ حکومت پنجاب نے اقلیتوں کو آئین پاکستان کی روح کے عین مطابق تمام حقوق اور سہولیات مساوی بنیادوں پر فراہم کی ہیں،اقلیتوں کو سرکاری ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ،طلباء کو وظائف،لیپ ٹا پ و دیگر تعلیمی سہولیات،حقوق کے تحفظ کیلئے ضروری ترامیم،خواتین اور بچوں پر تشدد کے خلاف قانون سازی،صوبائی ٹاسک فورس کے قیام،ضلعی سطح پر ہیومن رائٹس ڈائریکٹوریٹس کے قیام اور دیگر اقدامات سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :