گلگت،سی پیک سے نہ صرف پاکستان اورچین بلکہ جنوبی ایشیاء، سنٹر ل ایشیاء اورافریقہ کے ممالک بھی مستفید ہوں گے ،ڈاکٹر محمد اقبال

پیر 16 جنوری 2017 13:46

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) صوبائی وزیر تعمیرات گلگت بلتستان ڈاکٹر محمد اقبال نے جشن آزادی گلگت بلتستان کے حوالے سے نیویارک امریکہ میں منقعدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے سے گلگت بلتستان میں معاشی انقلاب آئیگا، سی پیک کے حوالے سے سازشی عناصرکوکامیاب ہو نے نہیں دینگے، اس پراجیکٹ سے نہ صرف پاکستان اور ہمسایہ ملک چین کو فائدہ ہو گا بلکہ اس کے ثمرات جنوبی ایشیاء، سنٹر ل ایشیاء اورافریقہ کے ممالک کو بھی پہنچیں گے ،سی پیک پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد گلگت بلتستان میں سیاحت کو فروغ ملے گا، روزگار کے مواقع میسر ہو نگے، جس سے پورے جنوبی ایشیاء میں معاشی انقلاب آئے گا اور بالخصوص گلگت بلتستان کی محرومیوں کا ازالہ ہو گا،گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کی کاوشوں سے سی پیک کے مختلف منصوبوں میں تعمیرات اور پاور منصوبوں کو شامل کیا گیا ہے تاکہ جدید طرز کی شاہراہیں اور عوام کو لوڈشیڈنگ سے آزاد کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت اس عظیم پراجیکٹ کو ہرصورت میں مکمل کر ے گی، موجودہ حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی کے حوالے سے عملی اقدامات کر رہی ہے جس کی واضح مثال پاور منصوبوں اور تعمیرات کے منصوبوں کو سی پیک میں شامل کرانا تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ سی پیک کے باعث بیرون ملک سرمایہ کار اس خطے میں سرمایہ کاری کے خواہش مند ہے ،اس پراجیکٹ کی تعمیر سے گلگت بلتستان میں ہوٹل انڈسٹری پروان چڑھے گی، گلگت بلتستان کو قدرت نے بے شمار وسائل سے نوازا ہے اور گلگت بلتستان میں امن امان کی صورت حال ماضی سے بہتر ہے جس کا کریڈٹ صوبائی حکومت کو جاتا ہے ،اس وقت گلگت بلتستان کا شمار دنیا کے پرامن علاقوں میں کیا جاتا ہے۔

گزشتہ دو سالوں سے گلگت بلتستان میں سیاحت کو فروغ ملا ہے اور لاکھوں ملکی اور غیر ملکی سیاح اس خطے میں آئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو ہمارے آباو اجداد نے بڑی قربایناں دے کر آزاد کر ایا ہے اور اب ہمارے ذمہ داری ہے کہ ہم اس کی تعمیر وترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ اُنہوں نے امریکہ میںمقیم گلگت بلتستان کے نوجوان ، طلبا اور کاروباری حضرات سے کہا کہ آپ لوگ اپنی تعلیم مکمل کرکے گلگت بلتستان میں اپنی خدمات کو سرانجام دیںتاکہ آپ کی تعلیم سے گلگت بلتستان کے عوام استفادہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر فردگلگت بلتستان اور پاکستان کے معاشی اور علمی استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کر ے۔ تقریب سے کونسلر جنرل پاکستان ایمبسی علی اعجاز، سیئنٹر عدنان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :