تارکین وطن کو داخلے کی اجازت میرکل کی تباہ کن غلطی ہے ،ٹرمپ

عراق پر 2003 میں کی جانے والی چڑھائی بدترین فیصلہ ،برطانیہ نے یورپی یونین سے نکل کر اچھا کیا،گفتگو

پیر 16 جنوری 2017 12:35

تارکین وطن کو داخلے کی اجازت میرکل کی تباہ کن غلطی ہے ،ٹرمپ
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی جانب سے 10 لاکھ سے زائد تارکینِ وطن کو جرمنی میں داخلے کی اجازت دینے کے فیصلے کو ایک 'بڑی غلطی' قرار دیا ہے۔اورکہاہے کہ میرکل یورپ کی اہم لیڈر ہیں اور یورپی یونین کے لیے جرمنی اہم ذریعہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے ان خیالات کا اظہار نیویارک میں موجود اپنے دفتر ٹرمپ ٹاور میں جرمن اور برطانوی اخبارات کے ساتھ اپنی خارجہ پالیسی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کیا۔

ٹرمپ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ترجیحات امریکہ کے لیے شفاف تجارت کے معاہدے کرنا اور اس کی سرحدوں کو محفوظ بنانا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ کو دیگر دنیا کے ساتھ اپنے تجارتی خسارے پر بات کرنا ہو گی خاص طور پر چین کے ساتھ۔

(جاری ہے)

انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی انتظامیہ فری ٹریڈ کے بجائے سمارٹ ٹریڈ کو ترجیح دے۔جب ان سے روس کے ساتھ ممکنہ معاہدوں کے بارے میں پوچھا گیا تو ٹرمپ نے کہا کہ جوہری ہتھیار اس کا حصہ ہوں گے اور انھیں امریکی پابندیاں ختم کرنے کے بدلے میں نمایاں طور پر کم کیا جائے گا۔

نومنتخب امریکی صدر نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عراق پر سنہ 2003 میں کی جانے والی چڑھائی بدترین فیصلہ تھا۔ ٹرمپ نے برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے فیصلے کی تعریف کی۔نومنتخب امریکی صدر نے جرمن چانسلر کے حوالے سے کہا کہ انھوں نے غیرقانونی افراد کو اپنے ملک میں داخلے کی اجازت دے کر ایک تباہ کن غلطی کی ہے۔