برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مشترکہ فوجی مشقیں

سمندری نیزہ 2017 کے عنوان سے شروع مشقوں کا مقصد ملٹری پلاننگ، نفاذ اور آپریشنل ایڈ منسٹریشن کو مربوط بنانا ہے

پیر 16 جنوری 2017 12:09

برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مشترکہ فوجی مشقیں

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج نے مشترکہ بحری فوجی مشقیں شروع کردیں ،امارات کے سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق سمندری نیزہ 2017 کے عنوان سے شروع کی گئی فوجی مشقوں کا مقصد ملٹری پلاننگ، نفاذ اور آپریشنل ایڈ منسٹریشن کو مربوط بنانا ہے۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات کی سرزمین پرہونے والی ان فوجی مشقوں کے ذریعے دونوں دوست ملک دفاعی اور عسکری تجربات کا تبادلہ، فوجی معلومات کی ایک دوسرے کو فراہمی اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق یہ فوجی مشقیں کئی روز تک جاری رہیں گی جن میں دونوں ملک اپنی اپنی نیول فورسز کی صلاحیت اور استعداد کار کو جانچنے کے ساتھ تزویراتی وحدت، مستقبل میں مشترکہ تعاون کے فروغ اور افواج کو معاصر لڑاکا فورسز کی شکل میں ڈھالنے کے لیے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔سمندری نیزہ 2017‘ نامی فوجی مشقیں متحدہ عرب امارات کی دوسرے ممالک کے ساتھ ہونے والی سلسلہ وار مشقوں کی ایک کڑی ہے۔