بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ نہیں، پاکستان مسئلہ کشمیر کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے لیکن بھارت اس معاملے میں ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہے، صدرآزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان

اتوار 15 جنوری 2017 23:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2017ء) صدرآزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ نہیں، پاکستان مسئلہ کشمیر کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے لیکن بھارت اس معاملے میں ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام ’’نشاندہی‘‘ میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے آرمی سے ریٹائرڈ فوجیوں کو مقبوضہ وادی میں بسانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن کشمیری انہیں یہ اجازت نہیں دیں گے، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی تک پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا، وزیراعظم محمد نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو بڑی جرات سے بھرپور انداز میں اجاگر کر رہے ہیں جس سے یہ مسئلہ عالمی سطح پر پھر سے اجاگر ہو چکا ہے، صدر آزاد جموں و کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے اپنے بنیادی حق حق خود ارادیت کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں کیونکہ وہ ہر حال میں بھارتی قبضے سے آزادی حاصل کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے وہ اپنی پرامن تحریک آزادی کو جاری رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرائے، انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید برہان وانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی روح پھونک دی گئی ہے، ایک سوال کے جواب میں سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارت مختلف سازشوں سے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ پاکستان سی پیک کی وجہ سے مزید مستحکم ہوگا اور اس منصوبے کی تکمیل سے ملک میں اقتصادی انقلاب برپا ہوگا۔